رسائی کے لنکس

'پاک افغان سرحد کی بندش مزید تناؤ کا باعث بن سکتی ہے'


فائل فوٹو
فائل فوٹو

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سرحد کو بند رکھنے سے معاملہ حل نہیں ہو گا بلکہ اس سے نا صرف عام لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے بلکہ اس سے دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات پر بھی منفی اثر پڑ رہا ہے۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی راستے گزشتہ دو ہفتوں سے زائد عرصے سے بند ہیں اور کابل کی طرف سے متعدد بار انہیں کھولنے کے مطا لبات کے باوجود ان کے کھلنے کا کوئی فوری امکان نظر نہیں آتا ہے۔

شائع شدہ اطلاعات کے مطابق پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ سرحدی گزر گاہوں کو اس وقت تک بند رکھا جائے گا جب تک سرحد کے ساتھ واقع علاقوں سے دہشت گردی میں ملوث عناصر کا مکمل صفایا نہیں کر دیا جاتا ہے۔

دوسری طرف تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سرحد کو بند رکھنے سے معاملہ حل نہیں ہو گا۔ ان کے بقول اس سے نا صرف عام لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے بلکہ اس سے دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات پر بھی منفی اثر پڑ رہا ہے۔

افغانستان میں انسانی حقوق کی ایک غیر سرکاری تنظیم ’’افغانستان ہیومن رائٹس آرگنائزیشن‘‘ کے سربراہ لعل گل لعل نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرحد کی بندش کاروباری افراد اور عام لوگوں کے لیے مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔

یہ جو پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد ہے اس کے دونوں طرف لوگ جو قانونی دستاویزات کے ساتھ موجود ہیں اگر انہیں آنے جانے کی اجازت نہیں ملے گی تو وہ لوگ جو علاج ، تعلیم اور کاروبار کے لیے آتے جاتے ہیں ان کے لیے مشکلات ہیں اور ان کے لیے یہ ایک بڑا مسئلہ ہے۔"

انہوں کہا موجودہ صورت حال دونوں ملکوں کے مفاد میں نہیں ہے اور یہ معاملہ افہام و تفہیم سے ہی حل ہو سکتا ہے۔

" میرے خیال میں اس سے مسائل اور بڑھ جائیں گے میرے خیال میں پاکستان (افغانستان ) یہ مسئلہ بات چیت سے سفارتی سطح پر حل کریں ۔ اگر یہ مسئلہ دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کی سطح پر حل ہو تو یہ بہت اچھا ہو گا۔"

دوسری طرف بین الاقوامی امور کے تجزیہ کار اے زیڈ ہلالی بھی اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ دونوں ملک کے باہمی معاملات بات چیت سے ہی حل ہو سکتے ہیں۔

" دونوں ملکوں کے عسکری اور سیاسی اداروں کو چاہیے کہ ایک طریقہ کار وضع کریں اور دونوں حکومتیں اس کے لیے لائحہ عمل تیار کریں ۔۔۔۔اور دونوں ملکوں کی حکومتوں کو چاہیے کہ مختلف سطح پر باہمی معاملات کو حل کرنے کے لیے رابطہ کریں۔"

پاکستان نے گزشتہ ماہ ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والے دہشت گردی کے متعدد واقعات کے بعد افغانستان کے ساتھ اپنی سرحد کو 16 فروری سے بند کر دیا تھا۔ ان واقعات میں ایک سو سے زائد افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے۔

پاکستان میں حکام کا دعویٰ ہے کہ افغانستان میں مبینہ طور پر روپوش شر پسند عناصر سرحد پر واقع بعض غیر محفوظ داخلی راستوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان میں داخل ہوتے ہیں۔ دوسری طرف افغانستان بھی اسی طرح کے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہتا ہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں موجود بعض عناصر ان کے ملک میں دہشت گردی کی کاروائیوں میں مبینہ طور پر ملوث ہیں۔

ڈاکٹر ہلالی کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے باہمی تحفظات اعلیٰ سطحی رابطوں سے ہی حل ہو سکتے ہیں اور ان کے بقول اگر اس حوالے سے کوئی پیش رفت ہو تو اس سے مثبت نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG