نائجیریا کی ویٹ لفٹر آگسٹینا نواکولو نے پیر کے روز کامن ویلتھ گیمز میں سونے کا پہلا تمغہ جیت کر میزبان بھارت کی گیمز کا پہلا تمغہ اپنے نام کرنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
17 سالہ نائجیرین ویٹ لفٹر نواکولو نے یہ اعزاز خواتین کے48 کلوگرام کے ویٹ لفٹنگ مقابلے میں حاصل کیا۔
مقابلے کیلیے "فیورٹ " قرار دی جانے والی بھارت کی سونیا چانو چاندی کے تمغے کے ساتھ دوسرے جبکہ بھارت ہی کی رانی دیوی کانسی کے تمغے کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔
مقابلے کی فاتح نائجیرین ویٹ لفٹر اسکول کی طالبہ ہیں اور ان کے کوچ کے مطابق یہ ان کا پہلا بین الاقوامی مقابلہ تھا جس میں بقول ان کے " آگسٹینا نواکولو ان کی امیدوں پر پوری اتری ہیں"۔
دوسری جانب بھارت کی ویمن ویٹ لفٹنگ ٹیم کے کوچ ہرنام سنگھ نے ایونٹ میں سونے کا تمغہ حاصل کرنے میں ناکامی پر قوم سے معافی مانگی ہے۔