مرکزی تفتیشی بیورو(سی بی آئی)نے کامن ویلتھ کھیلوں میں بڑے پیمانے پر مالی بدعنوانیوں کے سلسلے میں آرگنائزنگ کمیٹی کے سابق چیرمین سریش کلماتی کو گرفتار کر لیا ہے۔
اُنھیں 2009ء میں لندن میں ’کوئنز بیٹن ریلے‘ کے انعقاد، ٹائم اسکورنگ اور نتائج کے نظام کے ٹھیکوں میں بدعنوانیوں کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
سی بی آئی کے ترجمان نے اِس کا اعلان ایک نیوز کانفرنس میں کیا۔ ترجمان نے سریش کلماتی کی گرفتاری کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ اُنھیں 26اپریل منگل کے روز پٹیالہ ہاؤس عدالت میں خصوصی جج کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
سی بی آئی نے مالی بدعنوانیوں کے سلسلے میں نو مقدمات درج کیے ہیں۔گرفتاری سے قبل اُنھیں سی بی آئی کے صدر دفتر طلب کیا گیا اور پوچھ گچھ کی گئی۔
اِس سے قبل، تفتیشی ایجنسی نے نوٹس جاری کرکے 15اپریل کو حاضر ہونے کو کہا تھا جس پر اُنھوں نے کہا تھا کہ وہ غیر ملکی دورے پر ہیں۔ پھر 19اپریل کو بلایا گیا۔ اُس تاریخ کو بھی وہ نہیں آئے۔ غیر ملکی دورے سے واپس آنے کے بعد بھی وہ سی بی آئی کے سامنے حاضر نہیں ہوئے، لہٰذا پیر کے روز اُنھیں پھر بلایا گیا اور پوچھ گچھ کے بعد گرفتار کرلیا گیا۔
اِس سے قبل جانچ ایجنسی اُن کے کئی معاونین کو گرفتار کر چکی ہے۔
حزبِ اختلاف نے اِس گرفتاری کو دیر سے اُٹھایا گیا درست قدم قرار دیا ہے جب کہ کانگریس پارٹی کی طرف سے، جِس کے وہ رکنِ پارلیمنٹ ہیں، ابھی کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا ۔