حال ہی میں پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیرِاعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے تیسری شادی کی ہے جس کے بعد سوشل میڈیا پر ایک الگ ہی بحث جاری ہے۔
ریحام کی شادی کی خبر سامنے آتے ہی ٹوئٹر پر ان کے نام کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ پر تھا اور صارفین کی جانب سے انہیں مبارک بادیں دی جا رہی تھیں۔
شادی کے اعلان کے بعد ریحام اور ان کے شوہر مرزا بلال بیگ کی جانب سے اپنے اکاؤنٹس سے گھومنے پھرنے کی تصاویر شیئر کی گئیں۔ لیکن ان تصاویر پر کئی صارفین اعتراض اٹھانے لگے۔
ریحام خان کے شوہر کے نام سے ایک فیک اکاؤنٹ نے دونوں کی تصویر شیئر کی جس میں ایک طنزیہ کیپشن لکھا تھا کہ''یہ برف بہت ٹھنڈی ہے پر کسی کے لیے آگ کا کام کر رہی ہوگی۔''
اسی تصویر کو شیئر کرتے ہوئے علی زئی وی لاگز نامی اکاؤنٹ نے کہا کہ ''دنیا کے کون سے معاشرے میں ایک شوہر بیوی کی تصویر لگا کر اس کے پرانے شوہروں کو جلانے کی کوشش کرتا ہے؟''
ریحام خان نے اس ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ''ایک فیک اکاؤنٹ اور فیک ٹوئٹ بھی یوتھیا کی حالت کا درست اندازہ لگا رہا ہے۔''
سائرہ پی ٹی آئی نامی اکاؤنٹ نے بھی ریحام خان اور ان کے شوہر کی تصاویر شیر کرتے ہوئے لکھا کہ ''یہ جوڑا خود چاہتا ہے کہ ہم پر بات ہو۔''
انہوں نے مزید کہا کہ ''بیوی اپنے لیے ہوتی ہے نہ کہ نمائش کے لیے۔''
اس ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے ریحام خان نے لکھا کہ ''معافی چاہتی ہوں یوتھیا بریگیڈ میں بھول گئی تھی کہ کسی اور کی بیوی یا شوہر سے رومانس کرنا حلال ہے!''
ریحام خان کے شوہر مرزا بلال بیگ نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے ریحام کے ساتھ تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ''یہ اصل برف اور میرا اصل اکاؤنٹ ہے اور ہماری کوئی اور برانچ نہیں۔''
ریحام نے بھی ایک فیک خبر پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا والو صحیح اکاؤنٹ کا حوالہ دینا تو سیکھو۔
یاد رہے کہ ریحام خان نے 23 دسمبر کو ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنی تیسری شادی کا اعلان کیا تھا۔ ریحام خان کے شوہر مرزا بلال بیگ ان سے 13 برس چھوٹے ہیں۔