رسائی کے لنکس

پاکستان کرکٹ ختم کرنے کی کوشش ہورہی ہے: آفریدی


شاہد خان آفریدی
شاہد خان آفریدی

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے دورے کے دوران کھلاڑیوں پر لگنے والے الزامات کے بعد پاکستانی ٹیم کے حوصلے مزید بلند ہوگئے ہیں اور یہ کہ پاکستانی کھلاڑی ذہنی طور پر انگلش کھلاڑیوں سے زیادہ مضبوط ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ وہاب ریاض اور جوناتھن ٹروٹ کے درمیان تنازعے کے بعد پاکستان کی جانب سے گزشتہ روز انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے چوتھے ون ڈے میچ کے بائیکاٹ پہ غور کیا گیا تھا۔

انگلینڈ کے دورے پہ موجود پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بائولر وہاب ریاض اور انگلینڈ کے بیٹس مین جوناتھن ٹراٹ کے درمیان پیر کے میچ سے قبل ہونے والی تلخ کلامی اور مبینہ ہاتھا پائی کے بعد دونوں ٹیمز کے تعلقات کشیدگی کی انتہا پہ پہنچے ہوئے ہیں۔

انگلینڈ کے خلاف گزشتہ ماہ کھیلے جانے والے چوتھے ٹیسٹ میچ کے دوران تین پاکستانی کھلاڑیوں کے مبینہ طور پہ میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کے الزامات کے بعد شروع ہونے والا تنازعہ گزشتہ ہفتے اس وقت شدت اختیار کرگیا تھا جب تیسرے ون ڈے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے بکیز کے بیانات کے حوالے سے انگلینڈ کے کھلاڑیوں پر بھی میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ پہلے ہی اعجاز بٹ سے اپنے بیان پہ معافی مانگنے کا مطالبہ کرچکا ہے۔ جبکہ ایک برطانوی اخبار کے مطابق انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے اعجاز بٹ کے خلاف ہتکِ عزت کا دعویٰ دائر کرنے کیلیے ایک برطانوی قانونی فرم سے رابطہ کرلیا ہے۔

منگل کے روز ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض اور جوناتھن ٹراٹ کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے بعد انہیں یہ مشورہ دیا گیا تھا کہ ٹیم انگلینڈ کے خلاف میچ کے ٹاس کیلیے احتجاجاً میدان میں نہ اترے۔

تاہم ان کے مطابق بعد میں ان کی ٹیم نے میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا۔

شاہد آفریدی کے مطابق انگلش کھلاڑی نے وہاب ریاض سے بدتمیزی کی تھی اور انہیں میچ فکسر کہا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میچ ریفری جیف کرو کی جانب سے واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد دونوں کھلاڑیوں کو طلب کرکے معاملے کی وضاحت طلب کی گئی جس پر ٹروٹ نے اپنے رویے پہ معافی مانگ لی۔

پاکستانی کپتان نے کہا کہ ان کی ٹیم نے بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے تنازعے کو وہیں ختم کرنے کا فیصلہ کیا ورنہ ان کے مطابق "اگر وہ چاہتے تو اس معاملے کو آگے تک لے جاسکتے تھے اور اس پر پولیس کیس بھی بن سکتا تھا"۔

پاکستان نے گزشتہ روز لارڈز کے تاریخی میدان میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا جانے والا چوتھا ون ڈے جیت کر سیریز 2-2 سے برابر کردی تھی۔ سیریز کا پانچواں اور آخری میچ بدھ کو ہوگا۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے دورے کے دوران کھلاڑیوں پر لگنے والے الزامات کے بعد پاکستانی ٹیم کے حوصلے مزید بلند ہوگئے ہیں اور یہ کہ پاکستانی کھلاڑی ذہنی طور پر انگلش کھلاڑیوں سے زیادہ مضبوط ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کو ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن ان کے مطابق "پاکستانی قوم کو جتنا دبایا جائے گا یہ اتنا ہی ابھرے گی"۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ انہیں انگلینڈ کے خلاف جاری ٹور میں ہونے والے واقعات پہ افسوس ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان کی تمام تر توجہ آخری ون ڈے میچ جیتنے پہ مرکوز ہے کیونکہ ان کے مطابق "ایسے حالات میں فتح سے بہتر اور کچھ نہیں ہوسکتا"۔

XS
SM
MD
LG