رسائی کے لنکس

پاکستانی ٹیم بھارت میں کوارٹر فائنلز کھیلنے کو تیار ہے:آفریدی


پاکستانی ٹیم بھارت میں کوارٹر فائنلز کھیلنے کو تیار ہے:آفریدی
پاکستانی ٹیم بھارت میں کوارٹر فائنلز کھیلنے کو تیار ہے:آفریدی

پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم ورلڈ کپ کوارٹر فائنلز کے میچ میں خوشی سے بھارت میں کھیلنے کے لیے تیار ہے۔ اس سے قبل وہ بھارت میں میچ کھیلنے پر سکیورٹی کے خدشات ظاہر کرچکے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا ”ہمارے لیے یہ معنی نہیں رکھتا کہ ہم کوارٹر فائنل کہاں کھیلتے ہیں۔ ہمارے لیے بڑی بات یہ تھی کہ ہم ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالی فائی کرلیں سو وہ ہم نے کرلیا ہے۔“

دسویں ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل پاکستانی کپتان کے اس بیان نے کہ ان کی ٹیم کوارٹر فائنلز میچ انڈیا میں کھیلنے کی بجائے سری لنکا میں ہی رہنے کو ترجیح دے گی، کرکٹ کے حلقوں میں ایک نئی بحث چھیڑ دی تھی۔ آفریدی نے اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ پاک بھارت کشیدہ تعلقات کے باعث ان کے کھلاڑیوں پروہاں کھیلنے میں زیادہ دباؤ ہوگا۔

اپنے اولین بیان کے بارے میں قومی ٹیم کپتان کا کہنا تھا کہ یہ قصہ پارینہ ہے۔”اس وقت ہم کوارٹر فائنلز میں پہنچنے پر خوش ہیں اور اگر ہمارا اعتماد اسی طرح بحال رہتا ہے تواس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ میچز کہاں ہورہے ہیں“۔

پاکستان کے سابق کپتان عمران خان نے شاہد آفریدی کے پہلے دیے گئے بیان پر انھیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ انھیں اس طرح کھلے عام یہ بیان نہیں دینا چاہیے تھا۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کو دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا”اگر میں اس (آفریدی) کی جگہ ہوتا تو یہ اعلان کرتا کہ ہم انڈیا کے ساتھ انڈیا میں کہیں بھی کھیلیں گے کیونکہ وہاں بھارتی ٹیم زیادہ دباؤ کا شکار ہوگی“۔

بھارت نے نومبر 2008ء میں ممبئی دہشت گردحملوں کے بعد پاکستان کے ساتھ جامع امن مذاکرات کاسلسلہ یک طرفہ ختم کرنے کے علاوہ کھیلوں کی سطح پر بھی تعلقات تقریباً ختم کردیے تھے اور اس کے بعد کسی پاکستانی کھلاڑی کو انڈین پریمئرلیگ میں بھی شامل نہیں کیا گیا۔

پاکستانی ٹیم نے بھارت کا آخری دورہ 2007ء میں کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG