رسائی کے لنکس

جنوبی افریقہ، آئرلینڈ کو ہرا کر کوارٹرفائنلز میں پہنچ گیا


جنوبی افریقہ، آئرلینڈ کو ہرا کر کوارٹرفائنلز میں پہنچ گیا
جنوبی افریقہ، آئرلینڈ کو ہرا کر کوارٹرفائنلز میں پہنچ گیا

عالمی کرکٹ کپ 2011ء کے منگل کو کھیلے گئے گروپ "بی" کے میچ میں جنوبی افریقہ نے آئرلینڈ کو 131 رنز سے شکست دے کر کوارٹر فائنلز میں اپنی جگہ یقینی بنالی ہے۔

بھارتی شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ "بی" کے میچ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پروٹیز نے مقررہ پچاس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر272 رنز بنائے۔ جواباً پوری آئرش ٹیم 34 اوورز میں 141 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

اننگز کی ابتدا ہی سے جنوبی افریقہ کی ٹیم آئرلینڈ کی متوازن بالنگ اور شاندار فیلڈنگ کے سامنے جم کر نہ کھیل سکی اور اس کے چند ایک کھلاڑی ہی اچھا اسکور کرسکے۔

پروٹیز اوپنرز ہاشم عاملہ اور گریم اسمتھ بالترتیب صرف 18 اور 7 رنز بناسکے۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنےو الے مورن وین وائیک 41 گیندوں پر 42 رنز بنا کر 16ویں اوور میں آئوٹ ہوئے تو پروٹیز کا اسکور تین وکٹوں کے نقصان پر 84 تھا۔

پانچ اوور بعد ہی جنوبی افریقہ کو 95 کے اسکور پر جیکوس کیلس کی اہم وکٹ سے بھی محروم ہونا پڑا۔ وہ صرف 19 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوگئے۔

27 ویں اوور میں 117 کے مجموعی اسکور پر جنوبی افریقہ کی پانچویں وکٹ، ڈو پلیسس (11)، گری تو پروٹیز واضح طور پر دبائو میں نظر آرہے تھے۔

تاہم اس موقع پر جے پی ڈومینی اور ورلڈ کپ سے اپنا ڈیبیو کرنے والے کولن انگرام نے چھٹی وکٹ کی پارٹنرشپ میں 79 گیندوں پر 87 رنز بنا کر جنوبی افریقہ کے گرتے ہوئے رن ریٹ کو سہارا فراہم کیا۔

انگرام 40 ویں اوور میں 46 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو وکٹ کا ایک اینڈ سنبھالے ڈومینی اور جوہان بوتھا نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں مزید 65 رنز کا اضافہ کرکے جنوبی افریقہ کے اسکور کو 272 تک پہنچانے میں خاطر خواہ مدد فراہم کی۔

پروٹیز کی جانب سے آج کے میچ میں ٹاپ اسکورر رہنے والے ڈومینی اپنی سینچری مکمل نہ کرسکے اور آخری اوور میں 99 کے اسکور پر کیچ آئوٹ ہوگئے۔

جواباً آئرش ٹیم نے 273 کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو کوئی بھی بلے باز پروٹیز کی بالنگ کےسامنے نہ ٹہر سکا۔26 ویں اوور تک 107 کے مجموعی اسکور پر آئرلینڈ کے سات کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ بعد ازاں باقی ماندہ آئرش ٹیم بھی کچھ مزاحمت دکھانے کے بعد 34 ویں اوور میں 141 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے مورکل اور پیڑسن نے 3،3 جبکہ جیکوس کیلس نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

آج کی فتح کے بعد جنوبی افریقہ 8 پوائنٹس کے ساتھ گروپ "بی" میں پہلے نمبر پر آگیا ہے اور اس کی کوارٹر فائنلز میں شرکت یقینی ہوگئی ہے۔

XS
SM
MD
LG