رسائی کے لنکس

انگلش ٹیم کی تقدیر کا فیصلہ کل ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ہو گا


انگلش ٹیم کی تقدیر کا فیصلہ کل ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ہو گا
انگلش ٹیم کی تقدیر کا فیصلہ کل ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ہو گا

کرکٹ کی عالمی جنگ میں انگلش ٹیم کی تقدیر کا فیصلہ کل ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں لکھا جائے گا۔ شکست کی صورت میں انگلینڈ ٹیم کی بس وطن واپسی کی منتظر ہے جبکہ فتح سے اگلے مرحلے تک رسائی کی صورت نکل سکتی ہے۔ انگلش کپتان پر عزم ہیں کہ وہ میگا ایونٹ سے کہیں نہیں جائیں گے جبکہ ویسٹ انڈیزکا کہنا ہے کہ وہ کل میدان مارنے کے لئے ہی گراوٴنڈ میں اترے گی۔

انگلینڈ نے پانچ مقابلوں میں صرف دو میں فتح حاصل کر رکھی ہے جبکہ ایک میچ بغیر نتیجے کے ختم ہوا۔ اس طرح وہ 5 پوائنٹ کے ساتھ گروپ بی میں پانچویں نمبر پر ہے جبکہ ویسٹ انڈیز نے چار میچوں میں سے تین میں فتح حاصل کر کے چھ پوائنٹ حاصل کر رکھے ہیں اوروہ گروپ میں تیسرے نمبر پرموجودہے ۔

دونوں حریف ایک روزہ عالمی کرکٹ کی تاریخ میں اب تک 82مرتبہ آمنے سامنے آ چکے ہیں جس میں سے 37 کے مقابلے میں 41 فتوحات سے ویسٹ انڈیز کو نفسیاتی برتری حاصل ہے ۔

انگلش قائد اینڈریو اسٹراس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ان کی ٹیم میگا ایونٹ میں مزید میچ کھیلے گی جبکہ کل اگر بارش کے باعث کھیل رکا تو بھی انگلش ٹیم عالمی کپ کے حصول کی دوڑ سے باہر ہو جائے گی۔ تاہم اسٹراس پر امید ہیں کہ کل قدرت ان پر مہربان ہو گی ۔

انگلینڈ کو اس اہم معرکے میں فٹنس مسائل کا بھی سامنا ہے اور اینڈریو اسٹراس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کل ہو سکتا ہے اجمل شہزاد ٹیم کا حصہ نہ ہوں کیونکہ انہوں نے بدھ کو پریکٹس سیشن میں بھی حصہ نہیں لیا اور اگر ایسا ہوتا ہے تو ان کی جگہ Chris Tremlettکو دی جا سکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ حتمی انگلش ٹیم کا اعلان کل میچ سے قبل کیا جائے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ کل کے معرکے میں وہ سیوان سے پر امید ہیں۔

عالمی کپ میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو ویسٹ انڈیز ٹیم بالنگ میں اورانگلش ٹیم بیٹنگ میں زیادہ مضبوط نظر آ رہی ہے۔ سولیمان بین 12 وکٹوں کے ساتھ دوسرے جبکہ کیمر روئچ 11 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ انگلش ٹیم کا کوئی بھی گیند باز ٹاپ ٹین میں شامل نہیں۔ سیوان میگا ایونٹ میں اب تک 9 وکٹوں کے ساتھ 14 ویں نمبر پر ہیں ۔

بیٹنگ میں انگلش ٹیم کے اسٹراس ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 298 رنز بنا کر چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ ٹروٹ 289 رنز بنا کر پانچویں پوزیشن پر ہیں۔ اپنے اسکور میں انہوں نے چار مرتبہ پچاس کا ہندسہ عبورکیا جبکہ ویسٹ انڈیز کا کوئی بھی بلے باز ٹاپ ٹین میں شامل نہیں ۔ ڈیرن اسمتھ نے اب تک چار میچوں میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 202 رنز بنا رکھے ہیں ۔

کل کے میچ میں فتح پا کر کالی آندھی بھی سپر ایٹ میں جانے کیلئے بے تاب نظر آ رہی ہے۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈیرن سمی کا کہنا ہے کہ کریس گیل مکمل فٹ ہیں اور کل کے میچ میں وہ نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے کوچ اوٹس گبسن ایک سال قبل تک انگلش ٹیم کے ساتھ رہے ہیں اور ان سے حاصل ہونے والی معلومات ہمارے لئے کافی مدد گار ثابت ہونگی۔

ان کا کہنا تھا کہ انگلش ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف ایشیز سریز اور ون ڈے کرکٹ سمیت مسلسل کرکٹ کھیلی اور وہ اتنی مصروف رہی کہ پانچ ماہ میں سے صرف چار دن اپنے ملک میں اہلخانہ کے ساتھ گزار سکی اور ہو سکتا ہے کہ بعض کھلاڑی گھر جلد لوٹنا چاہتے ہوں۔ لہذا ان کی کل بھر پور کوشش ہو گی کہ انگلش ٹیم وطن واپس لوٹ جائے اور اپنے اہلخانہ کو وقت دے سکے۔

XS
SM
MD
LG