رسائی کے لنکس

’پاکستان کے خلاف میچ سے قبل بھارتی ٹیم ناشتے سے محروم ‘


بھارت اور سری لنکا کی ٹیموں کے کپتان ورلڈ کپ کے ساتھ
بھارت اور سری لنکا کی ٹیموں کے کپتان ورلڈ کپ کے ساتھ

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے امکان ظاہر کیا ہے کہ فاسٹ باؤلر اشیش نہرہ انگلی زخمی ہونے کے باعث ہفتے کو ہونے سری لنکا کے خلاف ہونے والے عالمی کرکٹ کپ کے فائنل میچ میں نہ کھیل سکیں۔

یہ بات انھوں نے جمعہ کو ممبئی میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ”ان(نہرہ) کی انگلی کا اسکین کیا گیا جس سے پتا چلا کہ وہ دو تین جگہ سے ٹوٹ گئی ہے تو شاید وہ فائنل میچ میں شریک نہ ہوں“۔

بدھ کو موہالی میں پاکستان کے خلاف سیمی فائنل میچ میں فیلڈنگ کے دوران شاہد آفریدی کا کیچ پکڑتے ہوئے اشیش نہرہ کی انگلی زخمی ہوگئی تھی ۔ انھیں اس وقت فوری طبی امداد دے دی گئی جس کے بعد انھوں نے اپنے اوورز بھی کرائے۔ انھوں نے 33رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں اور یہ میچ بھارت نے 29رنز سے جیت لیا تھا۔

بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ نہرہ کی جگہ فاسٹ باؤلر سری سانتھ کو کھیلائے جانے کا امکان ہے کیونکہ ان کی ٹیم توقع کررہی ہے کہ ممبئی کی وکٹ فاسٹ باؤلر کے لیے مددگار ہوسکتی ہے۔”ہمارا خیال ہے کہ تیسرے فاسٹ باؤلر سے کھیل پر اثر پڑ سکتا ہے۔اس ٹورنامنٹ میں ہم نے سری سانتھ کو اتنا موقع نہیں دیالیکن ہمیں یقین ہے کہ اگر اسے (سری سانتھ) کو کھیلایا جاتاہے تو وہ ذہنی طور پر اس کے لیے بالکل تیار ہوں گے“۔

دھونی نے اپنی پریس کانفرنس میں اس بات کا انکشاف بھی کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف میچ سے قبل بھارتی ٹیم بغیر ناشتے کے گراؤنڈ میں پہنچی تھی ۔مقامی میڈیانے یہ خبر دی تھی کہ ٹیم روایتی حریف سے مقابلے کے لیے اتنی بے تاب ہے کہ وہ خالی پیٹ ہی میدان میں آگئی۔ تاہم جمعہ کو دھونی نے پریس کانفرنس میں اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ انھیں بتایا گیا تھا کہ کھانا تیار ہونے میں ایک گھنٹہ لگے گا لہذا ہم بغیر ناشتے کے ہی گراؤنڈ میں آگئے۔

”ایسے میں آپ کیا کرسکتے ہیں۔آپ شاید چیخیں چلائیں مگر آپ کو کھانا نہیں مل سکتا۔تو جو چیز اہم ہے وہ یہ کہ آپ اس وقت کا اچھے انداز میں استعمال کریں ۔ ہم گراؤنڈ میں چلے گئے اور اپنا وارم اَپ سیشن کیا اور ٹاس کے بعد ہم نے کھانا کھایا۔“

XS
SM
MD
LG