پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ جنوبی ایشیا کے کرکٹ کھیلنے والے ملک پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔
جمعرات کو صحافیوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ زمبابوے کی ٹیم کے دورہ پاکستان سے دیگر ملکوں کے یہاں آکر کھیلنے کی راہ ہموار ہوگی۔
شہریار خان کا کہنا تھا کہ بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا کو چاہیے کہ وہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لیے مدد کریں۔
مارچ 2009ء میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر لاہور میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے اسٹیڈیم جاتے ہوئے دہشت گرد حملہ ہوا تھا جس میں چھ افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ مہمان ٹیم کے بعض کھلاڑی بھی اس میں زخمی ہوئے۔
اس واقعے کے بعد سے ٹیسٹ میچ کھیلنے کا درجہ رکھنے والی کوئی بھی بین الاقوامی ٹیم پاکستان آکر کھیلنے کے لیے آمادہ نہ ہوئی اور سکیورٹی خدشات کی بنا پر پاکستان کو سیریز کی میزبانی متحدہ عرب امارات میں متبادل میدانوں میں کرنا پڑی۔
تقریباً چھ سال کے بعد زمبابوے کے دورہ پاکستان سے دہشت گردی کے شکار اس ملک میں بین الاقوامی کرکٹ بحال ہونے جا رہی ہے۔ اس دورے میں دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلے جائیں گے۔
یہ تمام میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے اور اس سلسلے میں پہلا ٹی ٹوئنٹی جمعہ کی شام کو کھیلا جا رہا ہے۔
شہریار خان کا کہنا تھا کہ اس دورے سے پی سی بی، پاکستانی حکومت اور سکیورٹی ایجنسیوں کو بھی اس بات کا اندازہ ہو جائے گا کہ انھیں مہمان ٹیموں کی حفاظت کے لیے مزید کیا اقدامات کرنے چاہیئں۔
جمعرات کو لاہور میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی ہوئی جس میں زمبابوے کے کپتان ایلٹن چگمبورا اور میزبان ملک کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے بھی صحافیوں سے گفتگو میں اس دورے کو پاکستان کے لیے بہت اہم قرار دیا۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی پر جہاں وہ ایک طرف بہت خوش ہیں وہیں وہ اس دورے پر آنے کے لیے زمبابوے کا شکریہ بھی ادا کرتے ہیں۔
"یہ پاکستان کے بہت اچھا ہے، ہم چھ سال سے انتظار کر رہے تھے۔۔۔میرے لیے خوشی کی بات ہے کہ میں اپنے کریئر میں دوبارہ اپنے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہا ہوں۔"
مہمان کپتان چگمبورا نے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب ان کی توجہ جمعہ کو ہونے والے میچ پر ہے اور انھیں امید ہے کہ سیریز کا آغاز اچھا ہوگا۔