رسائی کے لنکس

ڈھاکا ٹیسٹ: پاکستان کی سات وکٹوں سے فتح


پاکستانی کھلاڑیوں کا ٹرفی کے ساتھ گروپ فوٹو
پاکستانی کھلاڑیوں کا ٹرفی کے ساتھ گروپ فوٹو

پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرا اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ سات وکٹوں سے جیت کر سیریز 2، صفر سے جیت لی۔

بدھ کو ڈھاکا میں کھیلا جانے والا آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ پانچویں روز دھند کے باعث مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے 114 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر جب دوبارہ کھیلنا شروع کیا تو ابتدا میں بلے بازوں نے محتاط بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو شکست سے بچانے کے لیے خاصی جدوجہد کی لیکن یہ صورتحال زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی۔

کھانے کے وقفے کے بعد اوپر تلے بنگلہ دیش کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوگئے اور وہ دوسری اننگزمیں 234 رنز بنا کر پاکستان کو جیت کے لیے 103 رنز کا آسان ہدف دے سکا۔

مہمان ٹیم نے جیت کے لیے درکار رنز تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے میچ سات وکٹوں سے جیت لیا۔

بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی اور پاکستان کے یونس خان کو مین آف دی سیریز قراردیا گیا۔

دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس نے پہلی اننگز میں 338 رنز بنائے۔ شکیب الحسن 144 اور شہریار نفیس 97 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

جواب میں پاکستانی ٹیم نے 470 رنز اسکور کیے جس میں توفیق عمر کے 130 اور کپتان مصباح الحق کے 70 رنز شامل تھے۔

دوسرے ٹیسٹ کے آخری روز عبدالرحمن کی گیند پر یونس خان نے سلپ میں ایک غیر معمولی کیچ پکڑ کر شائقین کو حیران کردیا اور مبصرین نے اسے 2011 ء کا بہترین کیچ قرار دیا ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ دورہ بنگلہ دیش میں ٹی ٹوئنٹی، ایک روزہ میچوں کی سیریز اور پھر ٹیسٹ سیریز میں میزبان ٹیم کو چاروں شانے چت کرنے اور اس سے قبل سری لنکا کے خلاف فتوحات سے پاکستانی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے لیکن اس کا اصل امتحان آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ کےخلاف ہونے والی سیریز میں ہوگا۔

XS
SM
MD
LG