رسائی کے لنکس

پہلا ٹیسٹ : پاکستان کی اننگز اور 184 رنز سے فتح


پہلا ٹیسٹ : پاکستان کی اننگز اور 184 رنز سے فتح
پہلا ٹیسٹ : پاکستان کی اننگز اور 184 رنز سے فتح

پاکستان نے بنگلہ دیش کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 184 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک، صفر سے برتری حاصل کرلی۔

پیر کو چٹاگانگ میں کھیلے جانے والے میچ کے چوتھے روز اپنی دوسری اننگز میں میزبان ٹیم کے نو کھلاڑی 275 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ روبیل حسین زخمی ہونے کے باعث بیٹنگ نہ کرسکے۔

ابتدائی بلے باز ناظم الدین 78 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، یہ ان کے کیرئر کا پہلا ٹیسٹ میچ تھا۔

مہمان ٹیم کی طرف سے عبدالرحمن نے چار، سعید اجمل اور اعزاز چیمہ نے دو، دو اور محمد حفیظ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کے بعد پاکستانی کپتان مصباح الحق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ ایک ڈیڑھ سال سے ٹیم کو فتوحات سے جو اعتماد ملا ہے وہ بہت مددگار ثابت ہورہا ہے۔’’تمام کھلاڑی پراعتماد ہیں اور ہم جیت رہے ہیں جو کہ ہماری ٹیم کے لیے اچھا ہے۔‘‘

انھوں نے کہا کہ وہ صرف اسپنرز پر ہی انحصار نہیں کررہے بلکہ فاسٹ باؤلر بھی اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔’’میرے خیال میں تمام کھلاڑی اب سمجھتے ہیں کہ ٹیسٹ کرکٹ کے کیا تقاضے ہوتے ہیں اور وہ وکٹ پر رہ کر پارٹنر شپ بنانا سیکھ رہے ہیں اور یہ ٹیم کے لیے اچھا ہے۔‘‘

میزبان ٹیم کے کپتان مشفق الرحیم نے پاکستانی باؤلروں کی بہترین کارکردگی کو اپنی شکست کا سبب بتایا۔’’ انھوں نے بہت عمدہ باؤلنگ کی، اگر ہم پہلی اننگزمیں اچھی بیٹنگ کرتے اور فیلڈنگ کے دوران کچھ کیچز ڈراپ نہ ہوتے تو ہماری کارکردگی بہتر ہوسکتی تھی۔‘‘

یونس خان (فائل فوٹو)
یونس خان (فائل فوٹو)

پاکستان نے اتوار کو اپنی پہلی اننگز594 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس اننگز کی خاص بات یونس خان کی ڈبل سینچری تھی جو 200 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد حفیظ 143 اور اسد شفیق نے 104 رنز بنائے۔

یونس خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے اس پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی جو اپنی پہلی اننگز میں 135 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی۔

دورہ بنگلہ دیش کے دوران پاکستان واحد ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ میچوں کی سیریز پہلے ہی اپنے نام کرچکا ہے۔

سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 17 دسمبر کو ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG