رسائی کے لنکس

اچھی کارکردگی سے پاکستانی کرکٹ کی تعمیر نو کریں گے، مصباح


پاکستان اور انگلینڈ کے کپتان ٹرافی کے ساتھ
پاکستان اور انگلینڈ کے کپتان ٹرافی کے ساتھ

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ وہ عالمی نمبر ایک ٹیم انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں اچھی کارکردگی دکھا کر اپنے ملک کی کرکٹ پر سے اسپاٹ فکسنگ کا دھبہ ہٹا کر اس کی تعیمر نو کرنا چاہتے ہیں۔

انگلینڈ کے خلاف تین کرکٹ ٹیسیٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ منگل کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

پیر کو دبئی میں صحافیوں سے گفتگو کرتےہوئے انھوں نے کہا ’’ آپ اپنا تشخص صرف اچھا کھیل پیش کرکے، جیت کر، میدان اور اس کے باہر اپنے اچھے رویے سے حاصل کرسکتے ہیں‘‘۔

پاکستان کے تین کھلاڑیوں کو 2010ء میں انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں کھیلے جانے والے ایک ٹیسٹ میچ میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے پر گزشتہ سال لندن کی عدالت نے قید کی سزا سنائی تھی۔

مصباح الحق کی قیادت میں پاکستان حالیہ مہینوں میں زمبابوے، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیت چکا ہے۔

پاکستانی کپتان کا کہنا تھا ’’جس طرح ہم گزشتہ ڈیڑھ سال سے کھیل رہے ہیں تو میرا خیال ہے ہم بالکل صحیح سمت پر ہیں۔‘‘ مصباح الحق نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ اس میچ سے دونوں ملکوں کو اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل ہمیشہ کے لی دفن کردینے میں بھی مدد ملے گی۔’’ہم صرف اچھے ماحول میں کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں۔۔۔انگلینڈ کی ٹیم سے اچھے تعلقات بنانا چاہتے ہیں۔‘‘

انگلینڈ کے کپتان اینڈریو اسٹراس نے بھی اس امید کا اظہار کیا کہ اس بار کوئی تنازع نہیں ہوگا اور دونوں ٹیمیں ’’صحیح انداز‘‘ میں کھیلیں گی۔

XS
SM
MD
LG