رسائی کے لنکس

انگلینڈ کا ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ


انگلینڈ کا ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ
انگلینڈ کا ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ

انگلینڈ نے متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 0-4 سے سے شکست دے کر ٹیسٹ سیریز میں وہائٹ واش کا بدلہ لے لیا ہے۔

منگل کو دبئی میں کھیلے جانے والے چار ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر کلین سوئپ مکمل کرلیا۔

اس سے قبل انگلینڈ نے پاکستان کو سیریز کے پہلے میچ میں130 رنز سے، دوسرے میں 20 رنز اور تیسرے میں 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

یاد رہے کہ ایک روزہ میچوں کی سیریز سے قبل متحدہ عرب امارات ہی میں کھیلی جانے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان نے 0-3 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

منگل کو ہونے والے آخری ایک روزہ میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے 238 رنز کا ہدف دیا تھا جسے انگلش بلے بازوں نے چھ وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کرلیا۔

انگلش اننگز کی خاص بات کیون پیٹرسن کی سینچری تھی جنہوں نے 2 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 130 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہیں 'مین آف دی میچ' قرار دیا گیا۔

پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں تمام وکٹیں گنوا کر 237 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے ون ڈائون اسد شفیق نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 65 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ اوپنر اظہر علی اور کپتان مصباح الحق نے بالترتیب 58 اور 46 رنز بنائے۔

پاکستان کے آخری 5 بلے باز مجموعی اسکور میں کل 22 رنز کا اضافہ کرسکے اور 50 اوورز کے اختتام تک پوری ٹیم 237 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

انگلینڈ کی جانب سے جیڈ ڈرن بیچ نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اسٹیون فن اور ڈینی برگس نے 2، 2 جب کہ ٹم بریسنن کے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اب متحدہ عرب امارات میں ہی تین ٹی20 میچوں کی سیریز ہوگی جس کا آغاز جمعرات کو دبئی سے ہوگا۔

XS
SM
MD
LG