انگلینڈ کے خلاف آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی کرکٹ ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔
مصباح الحق قومی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔ فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جب کہ شعیب ملک کو ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
یہ اعلان پیر کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا گیا۔
محسن حسن خان ٹیم کے ہیڈ کوچ جب کہ عاقب جاوید کو باؤلنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
دیگر کھلاڑیوں میں محمد حفیظ، توفیق عمر، عمران فرحت، یونس خان، عمر اکمل، اسد شفیق، اظہر علی، عدنان اکمل، عمر گل، اعزاز چیمہ، جنید خان، سعید اجمل، عبدالرحمن اور محمد طلحہ شامل ہیں۔
تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 17 جنوری کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی انگلینڈ کے خلاف سیریز میں اس کے علاوہ چار ایک روزہ بین الاقوامی میچ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے جائیں گے۔
ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان دوسرے ٹیسٹ میچ کے بعد کیا جائےگا۔
دریں اثناء کرکٹ کی عالمی تنظیم نے ایشیا کپ ٹورنامنٹ 2012ء کے میچوں کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔
بنگلہ دیش میں 12 مارچ سے شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ کا پہلا میچ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔
بھارت ایشیا کپ پانچ جب کہ سری لنکا چار مرتبہ جیت چکا ہے۔ پاکستان 2000ء میں ایک ہی مرتبہ فتح یاب ہوسکا۔