رسائی کے لنکس

آخری ون ڈےمیں ویسٹ انڈیز کی فتح، پاکستان ڈھیر


ویسٹ انڈیز نے پانچ ایک روزہ میچوں کی ہوم سیریز کے آخری میچ میں پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔ تاہم پاکستان یہ سیریز 2-3 سے پہلے ہی اپنے نام کرچکا ہے۔

جمعرات کو ہونے والے آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 42 اوورز میں صرف 139 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی تھی۔ ویسٹ انڈین ٹیم نے 140 رنز کا مطلوبہ ہدف 3ء23 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے سائمنز نے 77 اور ایڈورڈز نے 40 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ آج کے میچ میں بیٹنگ کی طرح پاکستانی بالنگ بھی مکمل طور ناکام نظر آئی اور پاکستانی بالرز نے 23 اوورز میں 23 ایکسٹرا رنز دیے۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے شہر گویانا میں ہونے والے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستانی بیٹنگ لائن ویسٹ انڈین بالرز کے سامنے پوری طرح بے بس نظر آئی۔

پاکستان کی پہلی وکٹ پانچویں اوور میں 16 کے مجموعی اسکور پر گری جب اوپنر توفیق عمر صرف 3 رنز بنا کر کیچ آئوٹ ہوگئے۔ پندرہویں اوور میں احمد شہزاد 9، 22ویں اوور میں عثمان صلاح الدین 8 اور ایک اوور بعد مصباح الحق صرف 1 رن بنا کر آئوٹ ہوئے تو پاکستان کا اسکور چار وکٹوں کے نقصان پر 72 رنز تھا۔

تاہم ابتدائی بلے باز محمد حفیظ نے قدرے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 55 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ انہیں 29 ویں اوور میں 93 کے مجموعی اسکور پر سیمی نے آئوٹ کیا۔

محمد حفیظ کے پویلین لوٹنے کے بعد بھی پاکستانی وکٹوں کے گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور 31 ویں اوور میں عمر اکمل (24)، 33 ویں اوور میں کپتان شاہد آفریدی (9) اور وہاب ریاض (0) آئوٹ ہوئے تو پاکستان 113 کے مجموعی اسکور پر 8 وکٹوں سے محروم ہوچکا تھا۔

39 ویں اوور میں سعید اجمل 5 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جس کے بعد 42 ویں اوور کی دوسری گیند پر جنید خان بھی صرف 1 کے اسکور پر ویسٹ انڈین بالرز کا نشانہ بن گئے۔ محمد سلمان 19 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے رامپال نے 4 اور سیمی نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ براوو نے 2 جبکہ بیشو نے 1 وکٹ حاصل کی۔

پاکستان ابتدائی تین میچ جیت کر یہ سیریز پہلے ہی اپنے نام کرچکا ہے۔ پیر کے روز ہونے والے چوتھے میچ کا فیصلہ بارش ہوجانے کے بعد 'ڈک ورتھ اینڈ لوئس میتھڈ' کے تحت کیا گیا تھا جس کے باعث ویسٹ انڈیز ایک رن سے میچ کا فاتح قرار پایا تھا۔

ون ڈے سیریز کے اختتام کے بعد دونوں ٹیموں کے مابین دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 12 سے 16 مئی تک گویانا جبکہ دوسرا 20 سے 24 مئی تک سینٹ کٹس میں ہوگا۔

XS
SM
MD
LG