ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر نو وکٹوں کے نقصان پر اس نے 209 رنز بنائے۔
پاکستانی اسپنر سعید اجمل نے چار، محمد حفیظ اور عبدالرحمن نے دو،دو اور وہاب ریاض نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ویسٹ انڈین شہر گویانا میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت مصباح الحق کر رہے ہیں۔
اس سے قبل شاہد آفریدی کی کپتانی میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 2-3 سے شکست دیدی تھی۔
دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلیے ویسٹ انڈین ٹیم میں رام نریش سروان اور شیونارائن چندرپال کی واپسی ہوئی ہے۔ پاکستان کی جانب سے تنویر احمد کی جگہ توفیق عمر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان آج تک ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر ہونے والی ایک بھی ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے مابین ویسٹ انڈیز میں چھ ٹیسٹ سیریز کھیلی گئی ہیں جن میں ویسٹ انڈیز نے چار میں فتح حاصل کی جبکہ دو سیریز ڈرا ہوئیں۔
تاہم دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلے گئے ٹیسٹ میچز میں پاکستانی ٹیم کا پلڑا بھاری ہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک کل44 ٹیسٹ میچز میں ایک دوسرے کے مقابل آچکی ہیں جن میں سے 15 میں پاکستان اور 14 میں ویسٹ انڈیز نے فتح حاصل کی جبکہ 15 ٹیسٹ ڈرا ہوئے۔