رسائی کے لنکس

جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ویسٹ انڈیز کو بدترین شکست


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ صرف 63 کے مجموعی اسکور پر اس کے سات کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

جنوبی افریقہ نے کرکٹ ورلڈ کپ کے پول بی کے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 257 رنز کے بڑے فرق سے شکست دے دی ہے۔

جمعہ کو سڈنی میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 408 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈویلیئرز نے آٹھ چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے 162 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ ہاشم آملہ 65، ڈو پلیسی 62 اور روسویو 61 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

409 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم شروع ہی سے بری طرح ناکام نظر آئی۔

ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی ڈبل سینچری کرنے والے کرس گیل اس مرتبہ صرف تین رنز بنا کر کلین بولڈ ہو گئے۔

ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ صرف 63 کے مجموعی اسکور پر اس کے سات کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے اور بالآخر پوری ٹیم 33.1 اوورز میں 151 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے عمران طاہر نے پانچ، ایبٹ اور مورکل نے دو، دو جب کہ اسٹیئن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ڈویلیئرز نے 52 گیندوں پر سینچری اسکور کی تھی جو ایک کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ کی دوسری تیز ترین سینچری ہے۔ اس سے قبل آئرلینڈ کے کیون او برائن نے 2011ء کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف 50 گیندوں پر سینچری اسکور کی تھی۔

انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

XS
SM
MD
LG