رسائی کے لنکس

ویسٹ اندیز اور آئرلینڈ کا مقابلہ کل ہوگا


ویسٹ اندیز اور آئرلینڈ کا مقابلہ کل ہوگا
ویسٹ اندیز اور آئرلینڈ کا مقابلہ کل ہوگا

کل ویسٹ انڈیزاور آئر لینڈ کے درمیان انتہائی اہم معرکہ موہالی کے پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں ہو گا ۔ ایک جانب تو کالی آندھی نے گزشتہ دو میچوں میں شاندار کارکردگی سے ناقدین کے منہ بند کر رکھے ہیں تو دوسری جانب فیورٹ انگلینڈ کو چت کرنے والی آئر ش ٹیم کسی صورت ویسٹ انڈیز کیلئے تر نوالہ ثابت نہیں ہو گی۔ ویسٹ انڈیز نے تین میچوں میں ایک شکست کے ساتھ 4 پوائنٹ حاصل کر رکھے ہیں جبکہ آئر لینڈ کو اتنے ہی میچوں میں صرف ایک فتح کے ساتھ دو پوائنٹ حاصل ہیں لہذا کل ناکامی کی صورت میں آئرلینڈ کاکوارٹر فائنل تک رسائی کا خواب صرف خواب ہی رہ جائے گا ۔ اب تک دونوں ٹیمیں تین بار ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں اتریں جس میں سے دومرتبہ فتح ویسٹ انڈیز کے ہاتھ آئی جبکہ ایک میچ بغیر نتیجے کے ختم ہوا۔

ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن اگر چہ پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف 222 رنز کر کے میدان چھوڑ گئی لیکن اس کے بعدویسٹ انڈیز نے ہالینڈ کے سامنے 330 رنز کا انبار کھڑا کر کے ساری توجہ اپنی جانب سمیٹ لی ۔ویسٹ انڈیز کیلئے اطمینان بخش بات یہ ہے کہ کریس گیل ، ڈیرن براؤ اور پولارڈ جیسے جارح مزاج بلے باز اپنی بھر پور فام میں ہیں ۔ اس کے علاوہ سروان نے بھی ہالینڈ کے خلاف 49 رنز کی اننگز کھیل کر اعتماد بحال کر رکھا ہے جو آئر یش بالنگ لائن کیلئے انتہائی خطرناک پوائنٹ ہے ۔

آئر لینڈ اگر چہ بنگلا دیش کے خلاف 205 رنز کے جواب میں صرف 178 رنز پر آؤٹ ہو گئی تاہم انگلینڈ کے خلاف وہ 328 رنز کا ہدف بھی عبور کر چکی ہے اور آخری میچ میں بھی وہ 207 رنز کا ہدف بھارت کو دے چکی ہے ۔ کیون اوبرائن نے انگلینڈ کے خلاف 113 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح دلوائی تھی اور اب تک میگا ایونٹ میں وہ 159 رنز بنا چکے ہیں ۔ وہ کل ایک بار پھر ویسٹ انڈیز کے خلاف وہ اپنی ٹیم کیلئے ایسی ہی عمدہ اننگز کھیلنے کا عزم رکھتے ہیں ۔ان کے بھائی نیل اوبرائن اور اوپنر ولیم پورٹر فیلڈپر بھی بیٹنگ کے حوالے سے اعتمادکیا جا سکتا ہے ۔

آخری میچ میں بنگالی ٹائیگرز کی بیٹنگ لائن صرف 58 رنز پر تباہ کرنے والی کالی آندھی کے بالرز نے دنیا کے بڑے بڑے بلے بازوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں ۔ کیمر روئچ نے صرف تین ابتدائی میچوں میں 10 وکٹیں اپنے نام کر رکھی ہیں جس میں ہالینڈ کے خلاف ہیٹ ٹرک سمیت27 رنز کے عوض 6 وکٹیں بھی شامل ہیں ۔ اس کارکردگی کے ساتھ وہ عالمی کپ میں چوتھے کامیاب ترین گیند باز ہیں جبکہ سولیمان بین بھی بہترین بارلز میں8 وکٹوں کے ساتھ آٹھویں نمبر پر فہرست کی زینت بنے ہوئے ہیں ۔ ڈیرن سمی بھی آخری مقابلے میں 3 میزبان بلے بازوں کو ٹھکانے لگا کر کافی پرجوش نظر آ رہے ہیں ۔

اس کے مقابلے میں آئریش بالنگ لائن کے حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا ۔ پہلے میچ میں انہوں نے بھارت کے سامنے 283رنز بنانے والی بنگالی بیٹنگ لائن کو 205 تک محدود کیا تو دوسرے میچ میں انگلش بلے بازوں نے ان کے خلاف 327 رنز بٹورے ۔ اس کے علاوہ وہ بھارت کو دیئے گئے 208 رنز کا دفاع کرتے ہوئے بھی نظر آئے اور یہ ہدف پورا کرنے کیلئے بھارت جیسی مضبوط بیٹنگ لائن کو پانچ وکٹوں کی قربانی دینا پڑی ۔ آئر لینڈ کے بالرز کو یہ بات بھی دھیان میں رکھنا ہو گی کہ ان کے خلاف 205 رنز بنانے والے بنگالی ٹائیگرز ویسٹ انڈیز کے خلاف صرف 58 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئے جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ کالی آندھی کو ان پر کس قدر سبقت حاصل ہے ۔

ویسٹ انڈیز کے کوچ اوٹس گبسن کا کہنا ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں موجودہ کسی حریف کو کمزور نہیں سمجھتے اور کل آئر لینڈ کے خلاف پوری طاقت کے ساتھ مقابلہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی فتوحات کا تسلسل برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہیں ۔انہوں نے انگلینڈ کو شکست دینے والی آئر لینڈ کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئریش ٹیم کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹ سکتی ہے لہذا ہمیں محتاط رہنا ہو گا ۔

دوسری جانب آئر یش ٹیم کے وکٹ کیپر نیل اوبرائن کا کہنا ہے کہ ان کے بھائی کیون اوبرائن نے انگلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم انہیں مزید کھیلنا ہو گا ۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ میں آئریش ٹیم کی کارکردگی بہتر تھی تاہم اس کے ساتھ بھارتی شائقین کا دباؤ بھی تھا ، کوشش ہو گی کہ کل کے میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائے ۔

کل کے میچ میں ٹرینٹ جونسن کہنی کی انجری کے باعث ممکن ہیں ٹیم کا حصہ نہ ہوں اور امکان ظاہرکیا جا رہا ہے کہ ان کی جگہ آل راؤنڈر نگل جونس کو جگہ دی جائے ۔

موہالی کا پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم اب تک سترہ مقابلوں کی میزبانی کر چکا ہے اور یہاں12 مرتبہ پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم ہی کامیاب ہوئی جبکہ 5 بار ہدف عبور کیا گیا ۔ یہاں 351 رنزکا سب سے بڑا ہدف جنوبی افریقہ نے ہالینڈ کو دیا تھا ۔

XS
SM
MD
LG