کرکٹ ورلڈ کپ 2011ء کے منگل کو ہونے والے گروپ "بی" کے میچ میں انگلینڈ نے ہالینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
بھارتی شہر ناگپور میں کھیلے گئے میچ میں ہالینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 292 رنز بنائے۔
ہالینڈ کی اننگز کی خاص بات ریان ٹین ڈسکاٹے کی شاندار سینچری رہی جنہوں نے تین چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے 110 گیندوں پر 119 رنز بنائے۔ ٹام کوپر نے 47، کپتان پیٹر بورن نے 35 (ناٹ آئوٹ) اور ٹام ڈی گروتھ نے 28 رنز کے ساتھ ٹین ڈسکاٹے کا بھرپور ساتھ دیا اور انگلش ٹیم کو ایک مشکل ہدف دینے میں کامیابی حاصل کی۔
کئی مواقع پر ہالینڈ کی ٹیم میچ پر پوری طرح حاوی دکھائی دی اور انگلش فیلڈرز اور بالرز ڈچ بلے بازوں کے آگے مکمل طور پر بےبس نظر آئے۔
انگلینڈ کی طرف سے گریم سوان اور اسٹورٹ براڈ نے دو، دو جبکہ بریسنن اور کالنگ ووڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
انگلینڈ نے 293 کا مذکورہ ہدف 49ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ انگلش کپتان اینڈریو اسٹراس 88 اور جوناتھن ٹروٹ 62 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کیون پیٹرسن نے 39 رنز بنائے۔
119 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے ٹین ڈسکاٹے نے دو وکٹیں حاصل کیں اور 'مین آف دی میچ' قرار پائے۔