دسویں کرکٹ عالمی کپ کے گروپ بی کا ایک میچ جمعرات کو بھارتی شہر موہالی میں کھیلا جارہا ہے جس میں نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
جنوبی افریقہ نے مقررہ پچاس اوورز میں پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر 351 رنز بنائے ہیں۔ ڈی ویلیرز نے چار چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے شاندار 134 رنز بنائے۔ ابتدائی بلے باز ہاشم آملہ نے 113 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نیدرلینڈز کے ڈوئشٹے نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی پوری ٹیم 34.5 اوورز میں 120 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے عمران طاہر نے تین، کیلس اور پیٹرسن نے دو،دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جنوبی افریقہ نے اسپنر جان بوتھا کی جگہ مورن وان ویک کو اس میچ کے لیے ٹیم میں شامل کیا ہے۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ اپنا پہلا میچ جیت چکا ہے جب کہ نیدرلینڈزکو اپنے دونوں میچوں میں شکست ہوئی۔