رسائی کے لنکس

زمبابوے کی ٹیسٹ کرکٹ میں فاتحانہ واپسی، بنگلہ دیش کو ہرادیا


زمبابوے کی ٹیسٹ کرکٹ میں فاتحانہ واپسی، بنگلہ دیش کو ہرادیا
زمبابوے کی ٹیسٹ کرکٹ میں فاتحانہ واپسی، بنگلہ دیش کو ہرادیا

زمبابوے نے ہرارے میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں مہمان بنگلہ دیش کو 130 رنز سے شکست دے کر چھ برس کی غیر حاضری کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں ایک بار پھر قدم رکھ دیا ہے۔

پیر کو میچ کے آخری روز بنگلہ دیش نے 375 رنز کے تعاقب میں 112 رنز تین کھلاڑی آئوٹ پر اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو بنگلہ دیشی بلے باز زمبابوین بالرز کے آگے جم کر نہ کھیل سکے اور پوری ٹیم 244کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئی۔

اس سے قبل جمعرات کو میچ کے آغاز پر بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس پر زمبابوین ٹیم نے پر اعتماد کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 370 رنز بنائے تھے۔

جواباً اپنی پہلی اننگز میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 287 رنز پر آئوٹ ہوگئی تھی۔ دوسری اننگز میں زمبابوے نے 291 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ پر اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے 375 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔ تاہم بنگلہ دیش کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں صرف 244 رنز اسکور کرسکی۔

زمابوین بیٹس مین برینڈن ٹیلر کو پہلی اننگز میں 71 اور دوسری اننگز میں 105 رنز ناٹ آئوٹ اسکور کرنے پر 'مین آف دی میچ' قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ ہرارے اسپورٹس کلب کے گرائونڈ پرہونے والا یہ میچ زمبابوے کی جانب سے 2005ء میں ٹیسٹ کرکٹ سے رضاکارانہ علیحدگی کے بعد سے گزشتہ چھ برسوں میں پہلا ٹیسٹ میچ تھا۔

یاد رہے کہ زمبابوے کو 1992ء میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے نوویں ٹیسٹ نیشن کا درجہ ملاتھا۔ تاہم 2005ء میں کئی سینئر کھلاڑیوں کے استعفوں، مسلسل خراب کارکردگی اور دیگر اندرونی اختلافات کے باعث زمبابوے کے کرکٹ بورڈ نے رضاکارانہ طور پر ٹیسٹ کرکٹ سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا تھا جس کی آئی سی سی نے بھی حمایت کی تھی۔

زمبابوے کی ٹیم اس دوران بدستور ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلتی رہی اور کرکٹ کے ان دونوں فارمیٹس کے تقریباً تمام اہم مقابلوں میں بھی شریک رہی۔

زمبابوے کرکٹ بورڈ کی جانب سے ملک میں کرکٹ کے فروغ اور بہتری کے لیے آئی سی سی کے تعاون سے کیے جانے والے مسلسل اقدامات کے نتیجے میں چھ برس بعد زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کی ٹیسٹ گرائونڈ پر واپس ہوئی ہے۔

XS
SM
MD
LG