سری لنکا کے اسٹار بلے باز سناتھ جے سوریا نے عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
جمعرات کے روز دارالحکومت کولمبو میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ابتدائی بلے باز کی حیثیت سے کھیلنے والے جے سوریا کا کہنا تھا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے دوران ہونے والی پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ان کا آخری عالمی میچ ہوگا جس کے بعد وہ تمام کرکٹ فارمیٹس سے کنارہ کش ہوجائینگے۔
جے سوریا سری لنکا کی جانب سے انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ عالمی میچ میں شرکت سے قبل دونوں ٹیموں کے مابین 25 جون کو ہونے والا ایک ٹی20 میچ بھی کھیلیں گے۔
41 سالہ جے سوریا نے عالمی کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے انگلینڈ کے خلاف انہیں سری لنکا کے ٹی20 اور ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیے جانے کے فیصلہ کے بعد کیا ہے۔ سری لنکا کی قومی ٹیم کا 20 برس تک حصہ رہنے والے جے سوریا نے 2007ء میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔
جے سوریا 1996ء کا کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی سری لنکن ٹیم کا بھی حصہ تھے۔ اس کے علاوہ وہ 444 میچوں میں 13428 رنز اسکور کرکے ایک روزہ عالمی میچوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے سری لنکن کھلاڑی ہونے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔