رسائی کے لنکس

بھارتی شہر کولکتہ میں نوٹوں کی بارش


فائل فوٹو
فائل فوٹو

عمارتوں سے کرنسی نوٹ گرنے اور پیسوں کی بارش کا منظر آپ نے فلموں میں تو ضرور دیکھا ہوگا۔ لیکن، حقیقی زندگی میں شاید ایسے منظر کا سامنا نہ ہوا ہو۔ لیکن بھارت کے شہر کولکتہ کے کچھ رہائشیوں نے نوٹوں کی بارش ہوتے بھی دیکھی ہے اور کئی ایک نے اس سے فائدہ بھی اٹھایا ہے۔

بھارت کے مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق، بدھ کی دوپہر کولکتہ کے مرکزی علاقے میں واقع ایک عمارت کی چھٹی منزل سے اچانک نوٹ گرنا شروع ہو گئے۔

اطراف میں موجود لوگ پہلے تو نوٹوں کے بنڈل سڑک پر گرتے دیکھ کر چونک گئے لیکن پھر کچھ ہی منٹوں میں وہاں لوگوں کا ہجوم اکٹھا ہو گیا۔

عینی شاہدین کے بقول، عمارت کی چھٹی منزل کی ایک کھڑکی سے کوئی شخص جھاڑو کے ذریعے نوٹ نیچے گرا رہا تھا۔ ان میں 100،500 اور 2000 روپے مالیت کے نوٹوں کے بنڈل بھی تھے۔

بنڈلوں کے علاوہ فضا میں کھلے نوٹ بھی اڑتے ہوئے دکھائی دے رہے تھے جب کہ یہ منظر کسی فلم میں دکھائے جانے والے منظر سے کم نہیں تھا۔

مقامی ذرائع ابلاغ نے اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں فضا میں نوٹ اڑتے اور لوگوں کو پیسے اٹھاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ عمارت کے باہر ایک ہجوم اکٹھا ہو گیا اور کئی افراد نوٹ اٹھاتے رہے جب کہ متعدد لوگ ویڈیو بنانے میں مگن رہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسی عمارت کی چھٹی منزل پر واقع ایک دفتر میں بھارتی انٹیلی جنس ادارے کی ایک ٹیم بھی تحقیقات کے لیے موجود تھی اور دفتر کی تلاشی لی جا رہی تھی۔

ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) کے کچھ ذرائع نے بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا ہے کہ ان کے حکام ایک نجی کمپنی کے دفتر میں موجود تھے اور ٹیکس سے متعلق معاملے کی تحقیقات کے لیے سرچ آپریشن کر رہے تھے۔

البتہ، ابھی یہ واضح نہیں ہوا کہ نوٹوں کی بارش اسی دفتر سے ہوئی جہاں چھاپہ مارا جا رہا تھا یا پھر یہ کوئی اور دفتر تھا۔

XS
SM
MD
LG