رسائی کے لنکس

پی ٹی آئی کا لانگ مارچ: راولپنڈی میں عارضی خیمہ بستی بنانے کی تیاری


پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کا لانگ مارچ ہفتے کو راولپنڈی پہنچ رہا ہے۔اس سلسلے میں راولپنڈی میں مارچ میں شریک لوگوں کی رہائش کے لیے عارضی خیمہ بستی بنائی جا رہی ہے، جس کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

تحریک انصاف راولپنڈی کے اپنے اجتماع کو زیادہ سے زیادہ کامیاب بنانے کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں کسانوں، تاجروں، طلبہ اور مذہبی جماعتوں کی نمائندگی کے لیے بھی کوشش کی جا رہی ہے۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے گزشتہ ایک ہفتے میں مختلف وفود سے ملاقاتیں کر کے اُنہیں راولپنڈی پہنچنے کی دعوت دی ہے۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق تحریک انصاف صوبہ پنجاب کے ہر ضلع سے کارکنوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنا رہی ہے۔ جس کے لیے ارکان اسمبلی، ضلعی صدور اور جماعت کے عہدیداروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہر ضلع سے آنے والے لوگوں کی رہائش اور کھانے پینے کا انتظام اُس ضلع کے صدر اور ارکان اسمبلی کے ذمہ ہوگا۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے رہنما تحریکِ انصاف فواد چوہدری نے لاہور میں ملاقات کی ہے۔

وزیرِ اعلٰی پنجاب کے دفتر کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران چوہدری پرویز الہٰی نے یقین دہانی کرائی کہ مارچ کے شرکا کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

دوسری جانب مشیر داخلہ پنجاب عمر سرفراز چیمہ کہتے ہیں کہ راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے جلسے کے لیے انتظامات مکمل ہیں۔ پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جا رہی۔

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ 26تاریخ کا پروگرام طے شدہ شیڈول کے مطابق ہو گا۔اس پروگرام میں نہ صرف عمران خان خود آئیں گے بلکہ وہ خطاب بھی کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان بھر سے لوگ پی ٹی آئی کے اس مارچ میں شریک ہوں گے۔

وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک اِس وقت ایک غیر یقینی صورتِ حال سے دوچار ہے۔ پاکستان کی معیشت دن بدن بگڑتی جا رہی ہے۔اگر پاکستان کو مالی مشکلات سے نکالنا ہے تو سیاسی استحکام چاہیے۔ان کے بقول سیاسی اور مالی استحکام لازم و ملزوم ہیں، سیاسی استحکام کے لیے آئینی اور جمہوری راستہ نئے انتخابات ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ پاکستان کو اہمیت اور فوقیت دی ہے۔ یہی وجہ ہے عمران خان شروع دن سے کہہ رہے ہیں کہ ملک کے بارے میں سوچیں۔ پاکستان کے مفادات شروع دن سے عمران خان اور پی ٹی آئی کی ترجیح رہی ہے۔

پی ٹی آئی مارچ کے حوالے سے ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید کہتی ہیں کہ چیئرمین عمران خان کی فائنل کال پر پاکستان بھر سے کارکنان راولپنڈی پہنچ رہے ہیں۔ مطالبات کی منظوری تک عوام چیئرمین عمران خان کے شانہ بشانہ راولپنڈی کی سڑکوں پر موجود رہیں گے۔

اُنہوں نے پی ٹی آئی کے حقیقی آزادی مارچ کی تفصیلات کے بارے میں بتایا کہ راولپنڈی روانگی کے لیے مرکزی جلوس لاہور میں راوی ٹول پلازہ سے 26نومبر کی صبح سات بجے روانہ ہوگا۔ جس میں شرکت کے لیے تمام حلقوں کے قافلے اپنی مقامی لیڈرشپ کی قیادت میں ٹول پلازہ پر پہنچیں گے۔

اِسی طرح جنوبی پنجاب کے بارہ اضلاع سے قافلے جمعے کی شام پانچ بجے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوں گے،جو ہفتے کی دوپہر ایک بجے تک راولپنڈی پہنچ جائیں گے۔ مارچ میں شرکت کرنے والے قافلے فیض آباد کے مقام پر اکٹھے ہوں گے۔

اِس سے قبل تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے مارچ سے متعلق کہا کہ وہ صرف اپنی قوم کی خاطر نکل رہے ہیں۔ قوم ہر صورت راولپنڈی پہنچے۔

جمعرات کی شام جاری کردہ ایک ویڈیو بیان میں عمران خان نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ تمام پاکستانی26نومبر کو راولپنڈی میں 'حقیقی آزادی مارچ' کا حصہ بنیں۔اُن کا کہنا تھا کہ مارچ میں شریک ہو کر قوم یہ پیغام دے گی کہ 'حقیقی آزادی' کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

XS
SM
MD
LG