بیس بال کے معروف سابق کھلاڑی ڈیوڈ اروٹیز اپنے آبائی علاقے ڈومینکن ری پبلک میں گزشتہ رات ایک بار میں کمر میں گولی لگنے کے بعد سے اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ان کی سرجری ہو چکی ہے اور ان کی طبعیت بہتر ہو رہی ہے۔
اورٹیز کے والد لیو نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ریڈ ساکس سٹار سرجری ہونے کے بعد آرام کر رہے ہیں۔ گولی سے ان کے کسی اعضائے رئیسہ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اتوار کو ایک بار میں ایک مسلح شخص نے اورٹیز پر عقب سے حملہ کیا اور ان پر گولی چلائی۔
حکام نے بتایا کہ مشتبہ شخص حراست میں ہے۔ اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور وہ یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ بیس بال سٹار کو گولی مارنے پیچھے کیا مقاصد تھے۔
ریڈ ساکس کلب نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اورٹیز کے خاندان کے مطابق انہیں کمر کے نچلے حصے میں گولی لگی تھی۔ ان کا سینٹو ڈومینگو کے ایک کلینک میں علاج کیا جا رہا ہے۔
بیس بال کی ٹیم نے اپنے سٹار کھلاڑی کی صحت یابی میں مدد کے لیے تمام دستیاب وسائل فراہم کرنے کی پیش کش کی ہے۔
اورٹیز ریڈ ساکس کی طرف سے 14 سیزن کھیل چکے ہیں اور وہ ایک ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے تین بار اپنے ملک کو عالمی چیمپئن شپ میں کامیابی دلائی تھی۔