کراچی ۔۔۔ پاکستان میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے بعد عیدالفطر بدھ کو منائی جائے گی۔ لیکن، ملک میں ایک برادری ایسی بھی ہے جس نے منگل کو پورے مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ عید منائی۔
یہ ہے داؤدی بوہرہ برادری۔ اس برادری میں ہجری کلینڈر کے بجائے قمری کلینڈر کے لحاظ سے عید منانے کا رواج ہے جو ایک دن پہلے آتی ہے۔
کراچی میں داؤدی بوہرہ جماعت کے پیروکاروں کی کثیر آبادی صدر، ٹاور کے قریبی علاقوں، پان منڈی، حیدری اور دیگر جگہوں پر رہتی ہے۔ کراچی کے علاوہ حیدرآباد میں بوہرہ برادری کی بڑی تعداد سالہا سال سے آباد ہے۔
صوبہٴ پنجاب کے صدر مقام لاہور میں داؤدی بوہرہ جماعت کی اکثریت آباد ہے۔ آبادی کے لحاظ سے لاہور کا چھٹا نمبر ہے۔
منگل کو برادری کی جانب سے کراچی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع صدر کی طاہری مسجد میں ہوا، جبکہ دوسرا بڑا اجتماع حیدری اور پان منڈی اولڈ سٹی ایریا میں ہوا۔
اجتماعات کی سیکورٹی کے لئے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے گئے تھے۔ پولیس اور رینجرز نے سیکورٹی کی ذمے داریاں سنبھالی ہوئی تھیں۔