رسائی کے لنکس

امریکہ: قرض کی حد بڑھانے کے سمجھوتے پر ووٹنگ، میکارتھی ری پبلکنز کی حمایت کے لیےکوشاں


امریکہ کے ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر کیون میکارتھی قدامت پسند قانون سازوں کی تنقید کے باوجود منگل کو اپنے ری پبلکن ساتھیوں کو قرض کی حد بڑھانے اور بجٹ معاہدے پر قائل کرنے کے لیے متحرک رہے۔

کیون میکارتھی نے صدر جو بائیڈن کے ساتھ بات چیت میں امریکہ کے قرضوں کی حد بڑھانے اور انتظامیہ کے اخراجات میں کمی پر سمجھوتا کیا تھا جس کے بعد امریکہ کے دیوالیہ ہونے کے خدشات معدوم ہوئے۔

امریکہ کی کانگریس میں بند دروازوں کے پیچھے طویل اجلاس میں اسپیکر میکارتھی نے ری پبلکن قانون سازوں کوسمجھوتے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ ان سے سوالات کیے اور ان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ بل میں موجود اخراجات کم کرنے کو نظر انداز نہ کریں جو اب بھی ری پبلکن پارٹی کے کئی قدامت پسند قانون سازوں کی خواہش سے کہیں کم ہے۔

طویل ملاقات سے نکلتے ہوئے کیون میکارتھی کا کہنا تھا ’’ہم بل منظور کرنے جا رہے ہیں۔‘‘

ایوان کے اسپیکر میکارتھی منگل کو کیپیٹل ہل میں۔ اے پی فوٹو
ایوان کے اسپیکر میکارتھی منگل کو کیپیٹل ہل میں۔ اے پی فوٹو

امریکہ میں قرض کی حد بڑھانے سے متعلق ایک بل بدھ کو ایوان میں پیش کیا جائے گا۔ ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ سے اس بل کی فوری منظوری اس بات کو یقینی بنائے گی کہ حکومت کی جانب سے سوشل سیکیورٹی کی مد میں رقم وصول کرنے والوں، سابق فوجیوں اور دیگر افراد کو ادائیگیاں جاری رہ سکیں گی جب کہ محکمۂ خزانہ کو قرضوں کی ادائیگی کی اجازت سے مالیاتی افرا تفری کو روکا جاسکے گا۔

ایوان میں پیش کیا جانے والا یہ بل 99 صفحات پر مشتمل ہے جس میں آئندہ دو برس کے لیے اخراجات کو محدود کیا گیا ہے جب کہ اس میں قرض کی حد میں اضافہ کیا گیا ہے۔

ایک ایسے وقت میں جب چندہی قانون سازوں کے مکمل طور پر مطمئن ہونے کی توقع ہے، بائیڈن اور میکارتھی وفاقی ڈیفالٹ کو روکنے کے لیے سیاسی مرکز سے اکثریت کی حمایت حاصل کرنے پر بھروسہ کر رہے ہیں۔

ایوان نمائندگان میں بل کی منظوری کے لیے 435 میں سے 218 ارکان کے ووٹ درکار ہوں گے۔

ایوان میں انتہائی دائیں بازو کےارکان پر مشتمل ہاؤس فریڈم کاکس کے رہنماؤں نے اس سمجھوتے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہےکیوں کہ وہ اخراجات میں کمی کا مطالبہ کرتے ہیں جب کہ انہوں نے اس بل کے کانگریس میں جانے کو روکنے کی کوشش کا عزم ظاہر کیا ہے۔

اسی طرح ایوان میں موجود ایک بڑے قدامت پسند دھڑے ری پبلکن اسٹڈی کمیٹی نے اس بل پر واضح پوزیشن لینے سے انکار کیا ہے۔

وائٹ ہاؤس نے کہا ہےکہ بائیڈن نے 100 قانون سازوں سے ٹیلی فون کالز کے ذریعے براہِ راست بات کی ہے ۔ اس کے علاوہ انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیدار بدھ کی طے شدہ ووٹنگ سے پہلے ڈیموکریٹس کو نجی طور پر بریف کرنے کے لیے کیپٹل ہل جا رہے ہیں۔

منگل کو کانگریس کے بجٹ آفس نے بتایا تھا کہ پیکیج میں اخراجات پر پابندیاں دہائی کے دوران خسارے کو 15 کھرب ڈالر تک کم کر دیں گی۔

ڈیمو کریٹک کا کس کے چیرمین حکیم جیفریز
ڈیمو کریٹک کا کس کے چیرمین حکیم جیفریز

ہاؤس کے ڈیموکریٹک لیڈر حکیم جیفریز نے کہا کہ یہ میکارتھی پر منحصر ہے کہ وہ ری پبلکن اکثریت کے دو تہائی کے لگ بھگ ووٹ حاصل کریں۔اگرچہ اس ہدف کو حاصل کرنا اسپیکرکے لیےدشوار ہے۔

جیفریز نے کہا کہ ڈیموکریٹس ناکامی سے بچنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے اور ڈیموکریٹس اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ملک دیوالیہ نہ ہو۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ایوان کے ری پبلکن اپنا وعدہ پورا کریں گے اور کم از کم 150 ووٹ دیں گے کیوں کہ اس کا تعلق اس معاہدے سے ہے جس پر انہوں نے خود بات چیت کی تھی۔

XS
SM
MD
LG