افریقی ملک مراکش کی فٹ بال ٹیم نے پہلی مرتبہ فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں جگہ بنا لی ہے جس پر ٹیم کے مداح مختلف ملکوں میں جشن منا رہے ہیں۔ مراکش نے منگل کو سابق چیمپئن اسپین کو پینلٹی ککس پر صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی مراکش کی ٹیم نہ صرف پہلی بار کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی بلکہ اس وقت ایونٹ میں رہ جانے والی واحد افریقی ٹیم ہے۔