رسائی کے لنکس

فرانس فائنل میں پہنچ گیا، لیکن مراکش کا کھیل بھی مدتوں یاد رکھا جائے گا

 قطر کے البیت اسٹیڈیم میں فرانس اور مراکش کے درمیان ورلڈ کپ سیمی فائنل فٹ بال میچ کے دوران اپنی ٹیم کا دوسرا گول کرنے پر فرانس کے رینڈل کولو میوانی کو ٹیم کے ساتھی مبارکباد دے رہے ہیں۔اے پی فوٹو
قطر کے البیت اسٹیڈیم میں فرانس اور مراکش کے درمیان ورلڈ کپ سیمی فائنل فٹ بال میچ کے دوران اپنی ٹیم کا دوسرا گول کرنے پر فرانس کے رینڈل کولو میوانی کو ٹیم کے ساتھی مبارکباد دے رہے ہیں۔اے پی فوٹو

فٹ بال کی دنیا کو موہ لینے والے فتوحات کے شاندارسلسلے کے بعد، مراکش سیمی فائنل میں شکست کھا کر مقابلے سےباہر ہو گیا جہاں فرانس کے ٹھوس جارحانہ کھیل نے انہیں 2-0 سے فتح دلائی۔

لبیت اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں فرانس کی جانب سے تھیو ہرنانڈس نے میچ کے پانچویں منٹ میں پہلا گول سکور کیا۔

لا بلیوس اب اتوار کو ہونے والے فائنل میں ارجنٹائن سے مقابلہ کریں گے، جس کے لیے لیونل میسی نے کروشیا کے خلاف شاندار جیت حاصل کی تھی۔

فرانس کے پہلے گول کے بعد مراکش کی ٹیم نے حریف ٹیم پر حملوں میں اضافہ کیا لیکن اس کے کھلاڑی کوئی گول کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے اور وقفے تک یہ مقابلہ ایک کے مقابلے میں صفر رہا۔

دوسرے ہاف میں مراکش نے اپنی حکمت عملی تبدیل کی اور جارحانہ گیم کھیلا، انہیں گول کرنے کے کئی مواقع بھی ملے لیکن اس کے باوجود وہ گول اتارنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ اسی دوران میچ کے 79 ویں منٹ میں کولو موآنی نے ایک اور گول کرکے فرانس کی برتری دو صفر کردی۔

فرانس کے اوریلین چومینی، ایکسل ڈیسای اورساتھی میچ کے بعد فائنل میں پہنچنے پر جشن منا رہے ہیں ۔فوٹو رائٹرز
فرانس کے اوریلین چومینی، ایکسل ڈیسای اورساتھی میچ کے بعد فائنل میں پہنچنے پر جشن منا رہے ہیں ۔فوٹو رائٹرز

فائنل تک پہنچنے کے لیے یہ اس طرح کا اسٹائلش، سنسنی خیز مقابلہ نہیں تھا جس میں منگل کو فرانس کے حریف ارجنٹائن نے کروشیا کو 3-0 سے شکست دی تھی۔

لیکن تھیو ہرنینڈز کے بالکل ابتدا میں کیے جانے والے گول کے ساتھ، یہ ایک کلینکل، فیصلہ کن جیت تھی، جس میں رینڈل کولو میوانی نے انہیں 2-0 سے ٹھوس جیت دلائی۔

مراکش کے اٹلس لائنز 2022 فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آگے بڑھنے کا جشن مناتے ہوئے۔فوٹو رائٹرز
مراکش کے اٹلس لائنز 2022 فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آگے بڑھنے کا جشن مناتے ہوئے۔فوٹو رائٹرز

دفاعی چیمپئن فرانس مسلسل دوسری مرتبہ فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی جہاں اتوار کو فیصلہ کن فائنل کھیلا جائے گا۔ اُس کا مقابلہ ارجنٹینا سے ہوگا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوگا۔

مراکش کے لیے اس کے ساتھ ہی فتوحات کا ایک شاندار سلسلہ ختم ہوا جس میں وہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی افریقی ٹیم بن گئی تھی۔

10 دسمبر کو قطر کے شہر دوحہ میں ہونے والے ورلڈ کپ میں پرتگال کو شکست دینے کے بعد مراکش کے صوفیان اور ان کی ماں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے۔فوٹو رائٹرز
10 دسمبر کو قطر کے شہر دوحہ میں ہونے والے ورلڈ کپ میں پرتگال کو شکست دینے کے بعد مراکش کے صوفیان اور ان کی ماں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے۔فوٹو رائٹرز

بلاشبہ مراکش کی ٹیم کے ہزاروں فین آنسوؤں کے ساتھ اسٹیڈیم سے رخصت ہوئے، لیکن اس ٹیم کو ورلڈ کپ کی تاریخ میں صرف ان کے کھیل کے لیے ہی نہیں بلکہ اس تاثر کے لیے بھی یاد رکھا جائے گا جس نے ترقی پذیر دنیا کی ہر ٖفٹ بال ٹیم کے دل میں یہ یقین پیدا کیا ہے کہ آئندہ وہ بھی عالمی کپ کے فائنلز کی امیدوار ہو سکتی ہے۔

یہ رپورٹ ایجنسی فرانس پریس کی معلومات پر مبنی ہے۔

XS
SM
MD
LG