رسائی کے لنکس

اب معذور افراد چہرے کے تاثرات کے ذریعے اینڈرائیڈ فون استعمال کر سکیں گے


گوگل کے یہ دو نئے ٹول مشین لرننگ اور اسمارٹ فون کے فرنٹ کیمرا کی مدد سے صارفین کے چہرے کے تاثرات اور آنکھوں کی حرکت کو پتا لگاتے ہیں۔
گوگل کے یہ دو نئے ٹول مشین لرننگ اور اسمارٹ فون کے فرنٹ کیمرا کی مدد سے صارفین کے چہرے کے تاثرات اور آنکھوں کی حرکت کو پتا لگاتے ہیں۔

گوگل نے معذور افراد کے لیے نئے ٹول متعارف کرائے ہیں جس کے ذریعے وہ اپنے چہرے کے تاثرات کو تبدیل کرتے ہوئے اینڈرائیڈ فونز استعمال کر سکیں گے۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق گوگل نے جمعرات کو کہا ہے کہ اب قوتِ گویائی سے محروم اور جسمانی طور پر معذور افراد اپنی بھوئیں اٹھا کر یا مسکرا کر ہاتھ کا استعمال کیے بغیر ہی اپنے اسمارٹ فونز چلا سکتے ہیں۔

گوگل کے یہ دو نئے ٹول مشین لرننگ اور اسمارٹ فون کے فرنٹ کیمرا کی مدد سے صارفین کے چہرے کے تاثرات اور آنکھوں کی حرکت کو پتا لگاتے ہیں۔

صارفین مسکراتے ہوئے، بھنویں اٹھا کر، منہ کھول کر یا دائیں، بائیں، اوپر اور نیچے دیکھ کر کوئی بھی آپشن منتخب کر سکتے ہیں۔

گوگل کے مطابق "تمام تر لوگوں کی باآسانی رسائی کے لیے نئے ٹول متعارف کرائے گئے ہیں جس کے ذریعے چہرے کے تاثرات کی مدد سے رابطہ اور فون کا استعمال ممکن ہو جائے گا۔"

امریکہ کے صحتِ عامہ کے نگراں ادارے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن کے ایک اندازے کے مطابق امریکہ میں چھ کروڑ 10 لاکھ افراد جسمانی معذوری کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔

اس اعداد و شمار نے گوگل، ایپل اور مائیکروسافٹ جیسی بڑی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو ایسی پروڈکٹس بنانے پر مجبور کر دیا ہے جو زیادہ قابلِ رسائی ہوں۔

گوگل کا اپنی بلاگ پوسٹ میں کہنا تھا کہ لوگ اپنی روز مرہ کی زندگی میں وائس کمانڈز (آواز کی مدد سے چلنے والی چیزیں) یا اپنے ہاتھوں کے ذریعے فون کا استعمال کرتے ہیں۔ اگرچہ جسمانی طور پر معذور اور قوتِ گویائی سے محروم افراد کے لیے یہ ممکن نہیں ہے۔

بلاگ پوسٹ کے مطابق گوگل نے اس ضمن میں دو نئے فیچرز پیش کیے ہیں جس میں 'کیمرا سوئچ' کی مدد سے صارفین چہرے کی کی مدد سے اسمارٹ فونز چلا سکیں گے۔

اسی طرح گوگل نے 'پروجیکٹ ایکٹو' کے نام سے ایک نئی ایپلی کیشن بھی پیش کی ہے جس کے ذریعے بھی چہرے کے تاثرات استعمال کرتے ہوئے موبائل استعمال کیا جا سکتا ہے۔

یہ ایپلی کیشن آسٹریلیا، برطانیہ، کینیڈا اور امریکہ کے گوگل پلے اسٹور پر صارفین کے لیے مفت میں دستاب ہے۔

واضح رہے کہ ایپل گوگل اور مائیکروسافٹ ایسی متعدد نئی جددتیں لا رہا ہے جس سے معذور یا دیگر افراد کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا آسان ہو رہا ہے۔

ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے بھی 'اسِسٹیو ٹچ' نامی ایک فیچر اپنی اسمارٹ واچ میں شامل کیا تھا جس کی مدد سے صارفین اشاروں کی مدد سے واچ کی اسکرین کنٹرول کر سکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG