رسائی کے لنکس

کیا یہ دنیا کا سب سے بڑا آلو ہے؟


 اس آلو کا وزن 7.9 کلو گرام ہے جو ایک چھوٹے کتے کے برابر ہے۔
اس آلو کا وزن 7.9 کلو گرام ہے جو ایک چھوٹے کتے کے برابر ہے۔

زیرِ زمین مٹی میں اُگنے والے آلو کا اوسط سائز عام طور پر انسان کی ہتھیلی کے برابر ہوتا ہے لیکن کیا آپ نے کبھی سنا ہے کہ کسی آلو کا سائز ایک چھوٹے کُتے کے جتنا ہو؟

نیوزی لینڈ میں مقیم کولن اور ڈونا کریگ اپنے گارڈن کی صفائی کر رہے تھے کہ اچانک کولن کے پاؤں کسی چیز سے ٹکرایا جو زمین کے نیچے موجود تھی۔

جوڑے نے فوراً اس جگہ کی کھدائی شروع کر دی تو انہیں ایک عجیب و غریب سی شکل کی چیز نظر آئی جسے انہوں نے باہر نکال کر کانٹے والے چمچے کی مدد سے اس کی تھوڑی سے سطح کُھرچ کر اسے چکھا۔

جیسے ہی انہوں نے زمین سے نکلنے والی اس چیز کو چکھا تو انہیں معلوم ہوا کہ یہ تو ایک آلو ہے۔

ڈونا کریگ کا کہنا تھا کہ انہیں یقین نہیں ہو رہا تھا۔ یہ بہت بڑا تھا اور دکھنے میں بہت عجیب سا تھا۔

جوڑے کے مطابق اس آلو کا وزن سات کلو نو سو گرام ہے جو ایک چھوٹے کتے کے برابر ہے اور شاید یہ دنیا کا سب سے بڑا آلو ہو سکتا ہے۔

اس آلو کا نام 'پوٹیٹو ڈوگ' ہے۔
اس آلو کا نام 'پوٹیٹو ڈوگ' ہے۔

خبر رساں ادرے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق 30 اگست کو آلو دریافت ہونے کے بعد جوڑے کا آلو کا چھوٹا سا فارم مقبول ہو گیا۔ انہوں نے اس آلو کا نام 'پوٹیٹو ڈوگ' رکھا ہے۔

نیوزی لینڈ میں مقیم کولن اور ڈونا کریگ نے آلو کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے لیے ایک چھوٹی کارٹ بھی بنا رکھی ہے۔ اور وہ اسے اپنے ساتھ باہر لے کر بھی جاتے ہیں جس سے لوگ محظوظ ہوتے ہیں۔

یاد رہے کہ دنیا کے سب سے بڑے آلو کا گنیز ورلڈ ریکارڈ برطانیہ سے 2011 میں درج کیا گیا تھا جس کا وزن پانچ کلو تھا۔ نیوزی لینڈ کے جوڑے کا کہنا ہے کہ انہوں نے بھی 'ڈوگ' کے لیے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں درخواست درج کر رکھی ہے اور وہ ان کے جواب کے منتظر ہیں۔

تاہم گنیز ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے انہیں کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

کولن کا کہنا ہے کہ وہ کسی خاص طریقے سے باغبانی نہیں کرتے۔ ان کے مطابق ڈوگ خود ہی اُگا ہو گا اور ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ وہ کئی برسوں سے اُگ رہا ہو۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ وہ آلو کو اپنے ساتھ باہر لے کر جاتے ہیں جس کی وجہ سے وہ خشک ہونے کے ساتھ ساتھ اپنا وزن بھی کھو رہا ہے جب کہ اس میں پھپھوندی بھی لگنا شروع ہو گئی ہے۔ وہ اسے صاف کرنے کے بعد فریزر میں رکھتے ہیں تا کہ یہ خراب نہ ہو۔

XS
SM
MD
LG