رسائی کے لنکس

مصر نے اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلا لیا


مصر نے اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلا لیا
مصر نے اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلا لیا

مصر نے اسرائیل کی جانب سے دونوں ممالک کے سرحدی علاقے میں کی گئی ایک فوجی کارروائی میں اپنے سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کے خلاف بطورِ احتجاج اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلانے کا اعلان کیا ہے۔

مصری کابینہ کی جانب سے ہفتے کو کیے گئے اعلان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل میں تعینات مصری سفیر کو اس وقت تک کے لیے واپس بلایا جارہا ہے جب تک اسرائیل واقعہ کی تحقیقات کرکے نتائج سے مصر کو آگاہ نہیں کردیتا۔

مصری کابینہ نے اسرائیل کی قیادت سے مصر کے بارے میں "جلد بازی" میں دیے گئے بیانات پر معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

اس سے قبل جمعہ کو مصر نے اسرائیل سے باقاعدہ احتجاج کرتے ہوئے کہا تھا کہ سرحدی علاقے میں اسرائیلی افواج کی کارروائیوں کے دوران اس کے پانچ فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس بارے میں متضاد اطلاعات ہیں کہ مصری اہلکاروں کی ہلاکت کس طرح ہوئی۔

تاہم مصر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے سرحدی علاقے میں ان مسلح افراد کا تعاقب کرتے ہوئے مصری اہلکاروں کو گولیوں کا نشانہ بنایا جنہوں نے جمعرات کو جنوبی اسرائیل میں حملہ کرکے آٹھ اسرائیلی شہریوں کو ہلاک کردیا تھا۔

ہلاکتوں کے خلاف جمعہ کو سینکڑوں مصری باشندوں نے قاہرہ میں واقع اسرائیلی سفارت خانے کے باہر مظاہرہ کیا۔ مظاہرین مصر میں تعینات اسرائیلی سفیر کو ملک سے بے دخل کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

XS
SM
MD
LG