رسائی کے لنکس

مصر کے لیے امریکی فوجی امداد منظور


سیکریٹری کلنٹن نے رقم کے اجرا کے لیے درکار قانونی تقاضوں سے صرفِ نظر کرنے کا فیصلہ امریکہ کے قومی سلامتی کے مفادات کے پیشِ نظر کیا ہے: ترجمان محکمہٴ خارجہ

امریکہ کی وزیرِخارجہ ہیلری کلنٹن نے مصرکو سالانہ فوجی امداد کی مد میں دیے جانے والے 3ء1 ارب ڈالر جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکریٹری کلنٹن نے رقم کے اجراء کے لیے درکار قانونی تقاضوں سے صرفِ نظر کرنے کا فیصلہ امریکہ کے قومی سلامتی کے مفادات کے پیشِ نظر کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کا یہ فیصلہ مصر کی اس "نمایاں پیش رفت" کا مظہر ہے جو اس نے گزشتہ ایک برس کے دوران میں جمہوریت کی جانب کی ہے اور یہ کہ امریکہ مصر کو خطے کے استحکام میں ایک اہم عامل تصور کرتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں امریکی کانگریس نے ایک قانون منظور کیا تھا جس کے تحت مصر کو فوجی امداد کی فراہمی وہاں کے فوجی حکمرانوں کی جانب سے سول حکومت کو اقتدار کی منتقلی، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد اور مذہبی آزادیوں کے احترام سے مشروط کردی گئی تھی۔

اس سےقبل ایک امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ذرائع ابلاغ کو بتایا تھا کہ مصری حکومت کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ موجود امن معاہدے کی پاسداری کرنے پر بھی مصر کو 200 ملین ڈالر کی اضافی امداد دی جائے گی۔

لیکن کئی امریکی قانون سازوں اور تنظیموں نے اوباما انتظامیہ کے اس فیصلے پر یہ کہتے ہوئے افسوس ظاہر کیا ہے کہ مصر کے فوجی حکمران کامل جمہوری اصلاحات کے نفاذ میں مخلص نظر نہیں آتے۔

XS
SM
MD
LG