پاکستان میں جمعرات کو سال کی تیسری عید، یعنی ’عیدمیلاد النبی ﷺ منائی جائے گی۔ اس حوالے سے پچھلے کئی دنوں سے تیاریاں جاری تھیں جو بدھ کو اپنے عروج پر پہنچ گئیں ۔
میگا سٹی کراچی میں مساجد، اہم عمارتوں اور گھروں کو بڑی خوبصورتی کے ساتھ برقی قمقوں سے سجایا گیا ہے، کار، موٹر سائیکلز اور دیگر گاڑیوں پر سبز پرچم اور خانہٴ کعبہ کی شبیہ والے اسٹیکر چسپاں کئے گئے ہیں۔
گھروں پر بھی سبز پرچم اور نعلین کی شبیہ والے پرچم لہرا رہے ہیں، مختلف علاقوں سے ریلیاں نکالی جارہی ہیں اور سیرت النبی پر محافل کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
شہر کے مختلف مقامات پر خصوصی اسٹال لگائے گئے ہیں، جہاں عید میلاد النبی کی مناسبت سے مختلف اشیاء فروخت کی جا رہی ہیں اور لوگوں کی بڑی تعداد خریداری کر رہی ہے۔
اس موقع پر ریلیوں اور جلوسوں کے تحفظ کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور آئی جی سندھ پولیس کی ہدایت پر پولیس کے اسپیشل سیکورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کے 100 کمانڈوز تعینات کردیئے گئے ہیں۔
کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے خواتین کمانڈوز کی بھاری نفری بشمول ’اسپیشلائزڈ ویپن اینڈ ٹیکٹکس‘ کے دستے جدید اسلحہ اور دیگر سازو سامان کے ساتھ ریزورڈ رہیں گے۔
مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل ریلیاں، مشعل بردار ریلیاں، اونٹ ریلیاں، بچوں کی ریلیاں نکالی جا رہی ہیں، جبکہ کیماڑی سے منوڑہ تک لانچوں کی ریلی نکالی گئی جس کا سلسلہ 12 ربیع الاول کی مرکزی تقریب تک جاری رہے گا۔