رسائی کے لنکس

پاکستان میں بھی شوال کا چاند نظر آگیا، بدھ کو عید ہوگی


پاکستان میں بھی شوال کا چاند نظر آگیا، بدھ کو عید ہوگی
پاکستان میں بھی شوال کا چاند نظر آگیا، بدھ کو عید ہوگی

پاکستان میں بھی شوال 1432 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے۔ملک بھر میں بدھ 31اگست کو عید الفطرمنائی جائے گی۔شوال کا چاند دیکھنے کے لئے منگل کو بعد نماز عصر مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں منعقد ہوا جبکہ کوئٹہ، پشاور، اسلام آباد، لاہور اور دیگر اہم شہروں میں زونل رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس منعقد ہوئے۔ مرکزی اجلاس میں ملک بھر کی دینی و مذہبی جماعتوں کے علمائے کرام نے شرکت کی۔ چاند نظر آنے کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی منیب الرحمن نے کیا۔

اعلان کے مطابق کمیٹی کو ملک کے مختلف حصوں سے ہلال عید دیکھنے کی شہادتیں موصول ہوئیں جن کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کمیٹی نے متفقہ فیصلہ کیا کہ کل بروز بدھ پاکستان بھر میں مذہنی جوش و جذبے کے ساتھ عیدمنائی جائے گی۔

منگل کو اسلام آباد سمیت متعدد شہروں میں شام کے وقت موسم انتہائی ابر آلود ہوگیا تھا جس کے سبب ان شہروں میں چاند نظر آنے کے کم امکانات ظاہر کئے گئے جبکہ خراب موسم ہونے کے سبب چاند دیکھنے میں دشواری درپیش رہی۔ تاہم چاند نظر آنے کی غیر مصدقہ شہادتیں سب سے پہلے کوئٹہ سے موصول ہوئیں جس کے بعد خوشی میں شہریوں نے شدید فائرنگ کی حالانکہ اس وقت تک کوئٹہ کی زونل کمیٹی نے بھی چاند نظر آنے یا نظر نہ آنے کو اعلان بھی نہیں کیا تھا۔

بعد ازاں کوئٹہ کی زونل کمیٹی نے اعلان کیا کہ کوئٹہ میں موسم ابر آلود ہونے کی وجہ سے کوئٹہ میں چاند نظر نہیں آیا۔ زونل رویت ہلال کمیٹی کاکہنا تھا کہ چاند نظر آنے کی شہادتیں دور افتار علاقوں سے ملی تھیں اور تمام کوششوں کے باوجود شہادت دینے والوں سے رابطہ نہیں ہوسکا ۔تاہم کچھ ہی دیر بعدزونل کمیٹی کو چاند نظر آنے کی دس شہادتیں موصول ہوئیں جس کے بعد زونل کمیٹی نے ان شہادتوں کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس دوبارہ شروع کردیا۔

اس سے قبل محکمہ موسمیات نے بھی ملک بھر میں عید الفطر بدھ کو ہونے کا امکان ظاہر کیا تھا ۔ فلکی اعداد و شمار کے مطابق بھی عید 31اگست کو ہی منائے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ نئے چاند کو دیکھنے کے لئے فلکیات کا علم نہایت ضروری ہے تاہم چاند نظر آنے یا نہ اانے کا باضابطہ اعلان رویت ہلال کمیٹی کرے گی ۔محکمے نے 30 اگست کو سورج غروب ہونے کے بعد شوال کے نئے چاند کو 41 منٹ تک آسمان پرموجود رہنے کی پیشگوئی کی تھی ۔

ارضیاتی اور فلکیاتی ماہرین نے بھی یہی امید ظاہر کی تھی کہ رمضان 29 دنوں کا ہوگا۔ماہرین نے نیا چاند 29 اگست کو 8 بج کر 4 منٹ پر پیدا ہونے کے امکانات ظاہر کئے تھے۔ منگل کو سورج 6 بج کر 54 منٹ پر غروب ہوا۔ اس طرح بدھ تک چاند کی عمر 35 گھنٹے ہوچکی ہے۔

دوسری جانب گزشتہ روز یعنی پیر کی شب پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے خطیب اور مقامی رویت ہلال کمیٹی نے چاند نظر آنے کا اعلان کردیا تھاجس کے بعد صوبہ خیر پختوانخواہ کے متعدد علاقوں میں منگل کو عید منائی گئی۔ تاہم خیبر پختونخوا کی حکومت نے مسجد قاسم علی خان کے اعلان سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔

بھارت میں بھی عید کا چاند نظر آگیا، بدھ کو عید ہوگی

پاکستان کے علاوہ بھارت میں بھی منگل کو عید کا چاند نظرآگیا جس کے بعد بھارت میں بدھ کو عید منائی جارہی ہے۔ چاند نظر آنے کا اعلان نئی دہلی کی جامع مسجد سے کیا گیا۔ نئی دہلی کے علاوہ لکھنو سے بھی چاند نظر آنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

XS
SM
MD
LG