رسائی کے لنکس

انتخابی مہم ہفتے کے روز سے شروع


الیکشن کمیشن کے مطابق تمام امیدواروں کو مہم کے دوران سختی کے ساتھ ضابطہ اخلاق پر عمل کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ملکی تاریخ میں اس بار ریکارڈ تعداد میں بیس ہزار سے زائد افراد نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔

پاکستان میں کل یعنی ہفتہ 20اپریل سے انتخابی مہم کا آغاز ہو رہا ہے جبکہ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امیدواروں کی حتمی فہرستیں تیار ہوگئی ہیں ۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان نے جمعہ کو میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ اہل امیدوار 20 اپریل سے باقاعدہ انتخابی مہم شروع کردیں گے جو20 دن جاری رہنے کے بعد 9نو مئی کی رات بارہ بجے ختم ہو جائے گی ۔

الیکشن کمیشن کے مطابق تمام امیدواروں کو مہم کے دوران سختی کے ساتھ ضابطہ اخلاق پر عمل کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ملکی تاریخ میں اس بار ریکارڈ تعداد میں بیس ہزار سے زائد افراد نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔ اس بار عام انتخابات میں حتمی طور پر8 کروڑ 61 لاکھ 89 ہزار 802 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔

ملکی تاریخ میں پہلی بار تصاویر والی انتخابی فہرستیں
انتخابات 2013ء کئی حوالے سے اپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہیں۔ ملکی تاریخ میں پہلی بعد ریکارڈ تعداد میں کاغذات نامزدگی جمع ہوئے ہیں، پہلی مرتبہ کمپیوٹرائزڈ انتخابی فہرستیں چھپائی گئی ہیں جن میں ووٹرز کی تصاویر بھی شامل ہیں۔ جس کے بعد اگر ان فہرستوں کو آپس میں جوڑا جائے تو ان کی لمبائی 21ہزار 900 کلومیٹر تک پھیلتی چلی جائے گی۔

نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرہ) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں 49.25 ملین ووٹرز ، سندھ میں 18.96 ملین، بلوچستان میں 3.33 ملین، خیبرپختونخوا میں 12.26 ملین، فاٹا میں 1.73 ملین اور اسلام آباد میں 6 لاکھ 26ہزار ووٹرز کا اندارج کیا گیا۔

شہبازشریف کے جلسوں کا وقت پوشیدہ رکھنے کا فیصلہ
سیکورٹی خدشات کے باعث میاں شہباز شریف کے جلسوں کا وقت ظاہر نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے انتخابی جلسوں کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے تاہم سیکورٹی خدشات کے باعث ان کے جلسوں کا وقت پوشیدہ رکھا جائے گا۔

شہباز شریف کے حلقوں این اے 129، پی پی 161،159 اور پی پی 247 میں متعدد پروگرام رکھے جائیں گے جہاں وہ اچانک پہنچیں گے۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف کل راجن پور کے حلقہ پی پی 247 سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔
XS
SM
MD
LG