رسائی کے لنکس

راولپنڈی ٹیسٹ: انگلینڈ کی 'بیزبال' طرز کی بیٹنگ کے سامنے پاکستانی بالرز بے بس


انگلینڈ کی راولپنڈی ٹیسٹ میں جارحانہ بیٹںگ جاری ہے اور میزبان پاکستانی بالرز انگلش بلے بازوں کے سامنے بے بس دکھائی دے رہے ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ انگلش ٹیم 17 برس بعد پاکستان کی سرزمین پر ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے۔

انگلش کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹںگ کا فیصلہ کیا تو زیک کرالی اور بین ڈکیٹ نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں اوپنرز نے میچ کے پہلے ہی اوورز سے جارحانہ انداز اختیار کیا اور کھانے کے وقفے تک بغیر کسی نقصان کے 27 اوورز میں 174 رنز بنائے۔

انگلش بلے بازوں کی بیٹنگ کے دوران کسی بھی لمحے یہ محسوس نہیں ہوا کہ انگلش ٹیم ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے۔ زیک کرالی اور بین ڈکیٹ نےپاکستانی فاسٹ بالنگ اٹیک کے خلاف شاندار انداز میں گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلے۔

انگلش اوپنرز نے جس انداز میں بیٹںگ کی اسے ٹیسٹ کرکٹ میں 'بیزبال' کا نام دیا جاتا ہے جس کے موجد نیوزی لینڈ کے سابق ٹیسٹ کپتان برینڈم میکولم ہیں۔

میکولم نے ٹیسٹ کرکٹ میں جارحانہ بیٹںگ اختیار کرتے ہوئے اس انداز کو 'بیزبال' کا نام دیا تھا اور وہ اس وقت انگلش کرکٹ ٹیم کوچ ہیں۔

'بیزبال' انداز اپناتے ہوئے زیک کرالی نے 19 چوکوں کی مدد سے 86 گیندوں پر اپنی سینچری مکمل کی جب کہ بین ڈکیٹ نے بھی ٹیسٹ کریئر کی پہلی سینچری بنائی۔

انگلش ٹیم کا مجموعی اسکور 233 تک پہنچا تو ڈکیٹ زاہد محمود کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٴٹ ہو ئے۔ انہوں نے 15 چوکوں کی مدد سے 107 رنز کی اننگز کھیلی۔

ڈکیٹ کے آوُٹ ہونے کے بعد زیک کرالی بھی زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے اور وہ حارث روُف کی بال پر بولڈ ہو گئے۔ انہوں نے 111 گیندوں پر 21 چوکوں کی مدد سے 122 رنز بنائے۔

تیسری وکٹ پر جو روٹ اور اولی پاپ کریز پر موجود ہیں اور انگلش ٹیم 250 رنز مکمل کر چکی ہے۔

انگلش ٹیم میں دو کھلاڑی اپنا ڈیبیو میچ کھیل رہے ہیں جن میں لیام لیونگسٹن اور ول جیکس شامل ہیں۔

بین اسٹوکس کی قیادت میں انگلش ٹیم زیک کرالی، بین ڈکیٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، لیام لیونگسٹن، اولی رابنسن، جیک لیچ، ول جیکس اور جیمز اینڈرسن پر مشتمل ہے۔

دونوں ٹیموں کے کپتان ٹرافی کے ساتھ
دونوں ٹیموں کے کپتان ٹرافی کے ساتھ

مہمان ٹیم کے کئی کھلاڑیوں کی بدھ کو اچانک ناساز طبیعت کے باعث راولپنڈی ٹیسٹ کھٹائی میں پڑ گیا تھا۔ تاہم جمعرات کی صبح انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو کھلاڑیوں کی دستیابی سے آگاہ کیا۔

ای سی بی کے ترجمان نے بدھ کو بتایا تھا کہ کئی کھلاڑی وائرل انفیکشن کا شکار ہوگئے تھے تاہم یہ علامات کرونا کی نہیں بلکہ کھلاڑی پیٹ کی کسی تکلیف میں مبتلا ہیں۔

تاہم اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ کھلاڑیوں کے بیمار پڑنے کی وجہ بننے والے وائرس کی نوعیت کیا ہے۔

پاکستانی ٹیم میں چار کھلاڑیوں کا ڈیبیو

راولپنڈی ٹیسٹ میں انگلینڈ کے مدِ مقابل پاکستان ٹیم میں چار کھلاڑی اپنا ڈیبیو میچ کھیل رہے ہیں جن میں فاسٹ بالر حارث رؤف، زاہد محمود، محمد علی اور سعود شکیل شامل ہیں۔

پاکستان کی گیارہ رکنی ٹیم اوپنر عبداللہ شفیق، امام الحق، اظہر علی، کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، آغا سلمان، سعود شکیل، حارث رؤف، نسیم شاہ، زاہد محمود اور محمد علی پر مشتمل ہے۔

XS
SM
MD
LG