آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم اگلے ماہ انگلینڈ کا دورہ کرے گی۔ اس دورے میں دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائیں گے۔
انگلینڈ اور ویلیز کرکٹ بورڈر کے اعلان کے مطابق ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز ساؤتھ ہیمپٹن میں چار ستمبر سے ہو گا جب کہ ایک روزہ بین الاقوامی میچز اولڈ ٹریفورڈ اور مانچسٹر میں 11 ستمبر سے کھیلے جائیں گے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچز بالترتیب 4، 6 اور 8 ستمبر کو ہوں گے۔ اسی طرح پہلا ایک روزہ میچ 11 ستمبر، دوسرا 13 ستمبر اور تیسرا 16 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
کرونا وائرس کی وبا پھیلنے سے پہلے طے شدہ شیڈول کے مطابق آسٹریلیا کو جولائی میں انگلینڈ کا دورہ کرنا تھا لیکن وبا کے سبب اسے ستمبر تک مؤخر کرنا پڑا تھا۔
انگلینڈ میں تمام اسپورٹس ایونٹس کا انعقاد جولائی سے تماشائیوں کے بغیر اور بائیو سیکور ماحول میں ہو رہا ہے۔
اب تک ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ کی ٹیمیں انگلینڈ کا دورہ کر چکی ہیں جب کہ پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیل رہی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایک روزہ میچز 'کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ' کا حصہ ہوں گے۔
آئی سی سی نے گزشتہ ماہ 'ورلڈ کپ سپر لیگ' کا اعلان کیا تھا جو 2023 کے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا کوالیفائنگ مرحلہ ہو گا۔
یاد رہے کہ 'ورلڈ کپ سپر لیگ' میں 13 ٹیمیں شامل ہیں جن میں آئی سی سی کی بارہ مکمل رکن ٹیموں کے علاوہ ایسوسی ایٹ رکن ٹیم ہالینڈ بھی شامل ہے۔
لیگ میں ابتدائی سات پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں ورلڈ کپ 2023 کے لیے براہِ راست کھیلنے کی اہل ہوں گی۔ بھارت کو میزبان ہونے کے ناتے پہلے ہی عالمی کپ کھیلنے کا استحقاق حاصل ہو چکا ہے۔