رسائی کے لنکس

سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کو حراست میں لے لیا گیا


ڈاکٹر عاصم حسین سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے انتہائی قریبی اور بااعتماد دوست کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں

پاکستان پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں وزارت پیٹرولیم کے مشیر اور سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے موجودہ چیئرمین ڈاکٹر عاصم کو سیکورٹی اداروں نے بدھ کو حراست میں لے لیا۔ انہیں کراچی کے علاقے میں واقع ان کے دفتر سے سادہ لباس اہلکاروں نے حراست میں لیا، جبکہ تفتیشی اہلکاروں نے اہم دستاویزات بھی اپنے قبضے میں لے لیں۔

نیب کے ترجمان نے ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری سے لاعلمی ظاہر کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف قومی احتساب بیورو میں کوئی کیس نہیں۔

ڈاکٹر عاصم حسین سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے انتہائی قریبی اور بااعتماد دوست کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں۔

انہیں حراست میں لئے جانے سے متعلق روزنامہ’جنگ‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین کو تحقیقاتی اداروں نے ایک ماہ قبل خط ارسال کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ وہ ایل این جی سمیت پیٹرولیم کے دیگر ٹھیکوں سے متعلق تفصیلات فراہم کریں۔ تاہم ڈاکٹر عاصم ایک کیس میں ضمانت لینے کے بعد بیرون ملک روانہ ہوگئے اور چار روز قبل ہی کراچی لوٹے ہیں۔

وہ بدھ کو ہائیر ایجوکیشن کے دفتر میں ہونے والے اجلاس میں شریک تھے کہ دو اداروں کی 11 افراد پر مشتمل ٹیم ان کے دفتر پہنچی اور پوچھ گچھ کی، بعد میں ٹیم اہم دستاویزات کے ساتھ انہیں بھی اپنے ہمراہ لے گئی۔

XS
SM
MD
LG