رسائی کے لنکس

مارک زکربرگ کا بیٹی کی ولادت پر دولت کا بڑا حصہ عطیہ کرنے کا اعلان


زکربرگ اور ان کی اہلیہ چین نے اپنی بیٹی میکس کی پیدائش کی خوشی میں فیس بک میں سے اپنے 99 فیصد حصص فلاحی کاموں کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

فیس بک کے شریک بانی مارک زکر برگ کے ہاں ایک بیٹی کی ولادت ہوئی ہے اور اس خوشی کے موقع پر، انھوں نے اپنی تمام دولت کا 99 فیصد فلاحی کاموں کے لیے وقف کرنے کا اعلان کیا ہے۔

فیس بک کے سی ای او مارک زکربرگ نے اپنے فیس بک کے صفحے پر بیٹی کی ولادت کا اعلان کرتے ہوئے, اپنی اہلیہ پریسیلا چین اور بیٹی میکس کے ساتھ اپنی تصویر پوسٹ کی ہے۔

جس کے ساتھ میکس کے نام ایک خط 'اے لیٹر فار اوور ڈاٹر' کے عنوان سے شائع کیا ہے ۔

خط کی تفصیلات کے مطابق مارک زکربرگ کی اہلیہ پریسیلا چین نے گزشتہ ہفتے ایک بچی کو جنم دیا ہےجس کا پیدائش کا وزن سات پاونڈ اور آٹھ اونس ہے اور مارک زکر برگ نے اپنی بیٹی کا نام 'میکسیما چین زکرکبرگ' بتایا ہے ۔

اس خط میں زکربرگ اور ان کی اہلیہ چین نے اپنی بیٹی میکس کی پیدائش کی خوشی میں فیس بک میں سے اپنے 99 فیصد حصص فلاحی کاموں کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مارک زکر برگ نے کہا کہ عطیہ کی جانے والی رقم کی فی الحال مالیت 45 ارب ڈالر ہے۔

انھوں نے اپنی بیٹی کے نام لکھے جانے والے 2220 الفاظ پر مشتمل خط میں میکس کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ہم تم سے بہت پیار کرتے ہیں اور اسی لیے ہم یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم اس دنیا کو تمھارے لیے اور دنیا کے تمام بچوں کے لیے ایک بہتر جگہ بنائیں۔‘‘

انھوں نے لکھا کہ ’’ہر والدین کی طرح ہم اپنی اولاد کو آج کی ہماری دنیا سے بہتر دنیا میں پلتا بڑھتا دیکھنا چاہتے ہیں۔‘‘

اس پوسٹ میں زکربرگ اور ان کی اہلیہ چین کی طرف سے وعدہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنی دولت کا بڑا حصہ ایک نئی فلاحی تنظیم کو عطیہ کریں گے جس کانام 'چین زکرکبرگ انیشیٹیو 'ہو گا۔

انھوں نے کہا کہ اس تنظیم کا مقصد نئی نسل کے بچوں میں مساوات کو بڑھانا اور انسانی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہو گا۔

انھوں نے لکھا کہ وہ اور ان کی اہلیہ چین کمپنی میں سے اپنے 99 فیصد حصص کو اپنی زندگیوں میں فلاحی کاموں مثلاً بیماریوں کےخلاف جنگ ،تعلیم کی سہولیات ،اور مضبوط کمیونٹی کی تشکیل کے لیے وقف کریں گے ۔

انھوں نے وعدہ کیا ہے کہ وہ مستقبل میں اس منصوبے کی مزید تفصیلات جاری کریں گے تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک فاونڈیشن نہیں ہو گی بلکہ ایک محدود کمپنی ہے جسے مارک زکرکبرگ خود اور ان کی اہلیہ چین کنٹرول کریں گے۔

فیس بک کے بانی زکر برگ کا شمار دنیا کے امیر ترین افراد میں ہوتا ہے وہ اور ان کی ماہر اطفال اہلیہ ڈاکٹر چین کی جانب سے اس سال سان فرانسسکو کے ایک جنرل اسپتال کے ساتھ ساتھ نیویارک، نیوجرسی اور سان فرانسسکو کے سرکاری اسکولوں کو بھی بھاری رقوم عطیات کی گئی ہیں ۔

مارک زکرک برگ اور ان کی اہلیہ چین کی پہلی ملاقات ہارورڈ یونیورسٹی کی ایک تقریب میں ہوئی تھی ان کی 9 برس قبل شادی ہوئی تھی ۔

اس سے قبل جولائی میں مارک زکربرگ نے اعلان کیا تھا کہ ان کی اہلیہ چین امید سے ہیں اور کہا تھا کہ وہ جلد ہی ایک بیٹی کے باپ بن جائیں گے۔

مارک زکربرگ کی جانب سے نومبر میں ایک بار بھی اعلان کیا گیا کہ وہ بیٹی کی ولادت کے بعد دو ماہ کی پیٹرنیٹی رخصت پر جائیں گے ۔

XS
SM
MD
LG