پاکستان نے سماجی و معاشی ترقی میں امریکی تعاون کا اعتراف کرتے ہوئے خصوصی طور پر توانائی اور فاٹا میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں تعاون پر شکریہ ادا کیا ہے۔
پاکستانی وزیر اعطم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور، طارق فاطمی نے منگل کو ’یو ایس ایڈ‘ کے قائم مقام منتظم، الفانسو لین ہرٹ سے واشنگٹن میں ملاقات کی اور انھیں پاکستانی حکومت کے جذبات سے آگاہ کیا۔
پاکستانی سفارتخانے کے ایک بیان کے مطابق، یو ایس ایڈ کے قائم مقام منتظم اور پاکستانی عہدے دار نے پاکستان میں جاری ادارے کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔
یو ایس ایڈ کے منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے، الفانسو لین ہرٹ نے بتایا کہ یو ایس ایڈ پاکستان میں توانائی، معاشی افزائش، استحکام، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری کے لئے کام کر رہا ہے۔
پاکستانی رہنما کا کہنا تھا کہ امریکہ توانائی کے شعبوں، خصوصاً داسو اور گومل ڈیم کی تعمیر کے علاوہ فاٹا میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں مدد فراہم کر رہا ہے۔
انھوں نے اعتراف کیا کہ امریکہ نے وزیرستان سے بے گھر ہونے والوں کی بحالی اور ان کے گھروں کو واپسی میں بھی مدد کا وعدہ کیا ہے۔
پاکستان نے یو ایس ایڈ کے منصوبوں پر عملدرآمد کے لئےقریبی رابطے کو بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
یو ایس ایڈ کے منتظم لین ہرٹ نے پاکستان کو توانائی کے بحران سے نکالنے میں مدد کے لئے امریکی عزم کا اعادہ کیا اور حکومت پاکستان کی معاشی اصلاحات کو زبردست سراہا۔ انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ امریکہ ان منصوبوں میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی رابطے کے ساتھ کام کرے گا، تاکہ پاکستان میں پائیدار ترقی کا خواب ممکن ہوسکے۔