رسائی کے لنکس

راجر فیڈرر سب سے زیادہ پیسا کمانے والے کھلاڑی بن گئے


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

سوئٹزرلینڈ کے ٹینس اسٹار راجر فیڈرر 2020 میں دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

'فوربز میگزین' کی جانب سے جمعے کو جاری ہونے والی سالانہ فہرست میں راجر فیڈرر نے کمائی کے لحاظ سے فٹ بالرز ارجنٹائن کے لیونل میسی اور پرتگال کے کرسٹینا رونالڈو کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

فیڈرر سے پہلے یہ اعزاز لیونل میسی کے پاس تھا لیکن کرونا وائرس کے سبب ان کا معاوضہ کم کر دیا گیا تھا۔

راجر فیڈرر مردوں کے ریکارڈ 20 گرینڈ سلیم سنگلز ٹائٹلز جیتنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ گزشتہ ایک سال کے دوران اُنہوں نے 106.3 ملین ڈالرز یعنی 17 ارب 35 کروڑ روپے کمائے۔

ان کے مقابلے میں فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے 105 ملین ڈالر، میسی نے 104 ملین ڈالر اور برازیلین فٹ بال اسٹار نیمار نے 95.5ملین ڈالر معاوضہ حاصل کیا۔

ٹینس کے کھلاڑیوں کے بعد امریکی باسکٹ بال کے کھلاڑی لیبرون جیمس نے 88.2 ملین ڈالر معاوضہ حاصل کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ اور کھیلوں کی سرگرمیاں نہ ہونے کی وجہ سے کئی کھلاڑیوں کے معاوضوں میں بھی کمی کی گئی ہے جن میں میسی اور رونالڈو بھی شامل ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وبائی مرض کے سبب ہی پہلی مرتبہ فٹ بالرز کے مقابلے میں ٹینس کے کھلاڑیوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگیا ہے۔

'فوربز' کی جاری کردہ فہرست میں 29 ویں نمبر پر جاپان کی نومی اوساکا ہیں جن کی آمدنی 37.4 ملین ڈالر ہے۔

ان کے بعد امریکی ٹینس کھلاڑی سرینا ولیمز کا نام درج ہے جنہوں نے 36 ملین ڈالر کمائے۔

XS
SM
MD
LG