رسائی کے لنکس

ابتدائی چھ ہفتوں میں اسقاطِ حمل کی اجازت ہونی چاہئیے، 73 فیصد امریکیوں کی رائے


 کیلی فورنیا میں اسقاط حمل کے حق کے حامیوں کی ایک ریلی ، فائل فوٹو
کیلی فورنیا میں اسقاط حمل کے حق کے حامیوں کی ایک ریلی ، فائل فوٹو

رائے عامہ کے ایک جائزے سے معلوم ہوا ہے کہ امریکہ کےبیشتر بالغ افراد، جن میں ان ریاستوں میں رہنےوالے افراد شامل ہیں, جہاں اسقاط حمل پرمکمل پابندی عائد ہے، ماں کے رحم میں موجود جنین کو ختم کرنے کے سلسلے میں سخت ترین پابندیو ں کے خلاف ہیں ۔واضح رہے کہ ایک سال قبل امریکی سپریم کورٹ نے خواتین کے لئے اسقاط حمل کے حق کو، جسے امریکہ میں پچاس سال سے قانونی تحفظ حاصل تھا، کالعدم قرار دے دیا تھا۔

ایسو سی ایٹڈ پریس اور این او آر سی سینٹر فار پبلک افئیرز ریسرچ کے ایک جائزے سےمعلوم ہوا ہے کہ امریکہ کی ان ریاستوں میں جہاں گزشتہ سال امریکی سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اسقاط حمل پر مکمل پابندی عائد ہو چکی ہے، بیشتر لوگوں کے خیا ل میں حمل کے کم از کم ابتدائی چھ ہفتوں میں اسقاط کی اجازت ہونی چاہئے۔ جب کہ کئی امریکیوں کا یہ بھی خیال ہے کہ اس پر کچھ پابندیاں ہونی چاہئیں ۔

جون کے آخر میں 1220 افراد سے کیا گیا یہ تازہ ترین سروے اس کے ایک سال بعد کیا گیا جب امریکی سپریم کورٹ نے 1973 کےقانون رو وی ویڈ کو منسوخ کر کے اسقاط حمل کے ملک گیر حق کو کالعدم کر دیا جو تقریباً 50 برسوں سے موجود تھا۔

امریکہ کی سیاست اور انتخابی عمل میں اسقاط حمل کے حق اور مخالفت کو انتہائی اہم سمجھا جاتا رہا ہے۔ نومبر 2024 کے صدارتی انتخابات میں نامزدگی کے ممکنہ امیدوار بھی اس مسئلے کو بار بار اٹھاتے رہے ہیں۔

نارتھ کیرولائنا میں اسقاط حمل کے حامی اورمخالفین دونوں اپنے بینرز اٹھائے احتجاج کر رہے ہیں، فوٹو اے پی 16 مئی 2023
نارتھ کیرولائنا میں اسقاط حمل کے حامی اورمخالفین دونوں اپنے بینرز اٹھائے احتجاج کر رہے ہیں، فوٹو اے پی 16 مئی 2023

ریپبلکن پارٹی کی حکومت والی امریکی ریاستوں میں ریاستی قانون ساز اسقاط حمل تک رسائی کو بڑی حد تک محدود کر رہے ہیں اور ری پبلکن صدارتی امید وار اس مسئلے سے نمٹنے کے طریقوں پر بحث کر رہے ہیں ۔ اس ضمن میں رائےعامہ کے متعدد جائزوں کا سلسلہ جاری ہے اور یہ تازہ ترین جائزہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

اگرچہ گزشتہ سال کے دوران قوانین میں تبدیلی آئی ہے، تاہم جائزے سے معلوم ہوا ہے کہ اسقاط حمل کے بارے میں لوگوں کی زیادہ تر رائے وہی ہے جو ایک سا ل پہلے تھی اور اسی طرح پیچیدہ ہے ۔

واشنگٹن میں سپریم کورٹ کے سامنے اسقاط حمل کے حق میں ایک ریلی، فوٹو اے ایف پی ، 15 اپریل 2023
واشنگٹن میں سپریم کورٹ کے سامنے اسقاط حمل کے حق میں ایک ریلی، فوٹو اے ایف پی ، 15 اپریل 2023

لگ بھگ نصف امریکی ریاستیں اب 20 سے 27 ہفتوں کے درمیان کےجنین کو ختم کرنے کی اجازت دیتی ہیں لیکن بیشتر صورتوں میں اس کے بعد اسے ختم کرنے کی ممانعت کرتی ہیں ۔

رو وی ویڈقانون کے ختم ہونے سے قبل ، تقریباً ہر ریاست میں یہ ہی حدود طے تھیں ۔ اب جب اسقاط حمل پر پابندی عائد ہو گئی ہے ، بیشتر جنوبی ریاستوں سمیت 14 ریاستوں میں مختلف استثنیٰ کے ساتھ اسقاط حمل پر مکمل پابندی عائد ہے ۔

سروے سے پتا چلا ہے کہ تمام امریکی بالغوں میں سے 73 فیصد کا ،جن میں سخت ترین پابندیوں کی حامل ریاستوں کے لوگ شامل ہیں ،خیال ہے کہ حمل کے ابتدائی چھ ہفتوں میں اسقاط حمل کی اجازت ہونی چاہیے۔

آئیووا میں اسقاط حمل پر پابندی کے خلاف ایک ریلی ، فوٹو اے پی،11 جولائی 2023
آئیووا میں اسقاط حمل پر پابندی کے خلاف ایک ریلی ، فوٹو اے پی،11 جولائی 2023

بیشتر لوگوں کا خیال ہے کہ اسقاط حمل کی اجازت صرف کچھ مخصوص حالات میں ہونی چاہیے ۔

مجموعی طور پر، تقریباً دو تہائی امریکی کہتے ہیں کہ اسقاط حمل کو عام طور پر قانونی ہونا چاہیے، لیکن صرف ایک چوتھائی کا کہنا ہے کہ اسے ہمیشہ قانونی ہونا چاہیے اور 10 میں سے صرف 1 کا کہنا ہے کہ اسے ہمیشہ غیر قانونی ہونا چاہیے.

جائزےمیں شامل تقریباً نصف امریکیوں نے کہا کہ اسقاط حمل کی 15 ہفتوں میں اجازت ہونی چاہئے اگرچہ انتہائی سخت پابندیوں کی حامل ریاستوں میں 55 فیصد لوگوں نے کہا کہ اس مرحلے پر جنین کو ختم کرنے پر پابندی ہونی چاہئے۔

اسقاط حمل کے حق کے حامی سپریم کورٹ کے سامنے ایک ریلی کے دوران، ،فائل فوٹو
اسقاط حمل کے حق کے حامی سپریم کورٹ کے سامنے ایک ریلی کے دوران، ،فائل فوٹو

سروے میں شامل لگ بھگ دو تہائی امریکیوں نے جن میں سب سے کم پابندیوں کی حامل ریاستوں میں رہنے والے شامل تھے ، کہا کہ ان کی ریاست میں 24 ہفتے کے حمل کو ختم کرنے پر پابندی ہونی چاہیے ۔

خاص طور پر اگر ماں کسی بیماری میں مبتلا نہیں ہے اور بچے کی پیدائش کی صورت میں ان دونوں کی زندگیوں کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے ۔ کیوں کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ ایک اور انسان کا قتل کررہے ہیں۔

اگرچہ ری پبلکن کنٹرول کی ریاستیں اسقاط حمل پر مزید پابندیوں پر زور دیتی رہی ہیں ، تاہم سروے سےمعلوم ہوا کہ اس کی ہمیشہ حمایت نہیں رہی ہے ۔

اسقاط حمل کے حامی اور مخالفین امریکی سپریم کورٹ کے سامنے ایک دوسرے سے بحث کر رہے ہیں ، فوٹوراٗٹرز،24 جون 2023
اسقاط حمل کے حامی اور مخالفین امریکی سپریم کورٹ کے سامنے ایک دوسرے سے بحث کر رہے ہیں ، فوٹوراٗٹرز،24 جون 2023

امریکہ میں قومی سطح پر لگ بھگ دس میں سے چار نے کہا کہ ان کی کمیونٹی میں پیدائش سے قبل بچے کو ضائع کرنے میں بہت دشواری کا سامنا ہے جب کہ ایک چوتھائی نے کہا کہ ان کے خیال میں یہ بہت آسان ہے ۔

مجموعی طور پر جن ریاستوں میں اسقاط حمل پر سخت ترین پابندی عائد ہے وہاں سب سے کم پابندیوں کی حامل ریاستوں میں نسبتاً کچھ زیادہ لوگوں نے کہا کہ اس تک رسائی میں بہت مشکل کا سامنا ہے ۔

(اس رپورٹ کا مواد اے پی سے لیا گیاہے )

XS
SM
MD
LG