عالمی کپ فٹ بال میں پیر کی رات کھیلے گئے دوسرے پری کوارٹر فائنل میں بیلجیم نے جاپان کو تین گول کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ ہی بیلجیم نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی جہاں اس کا مقابلہ 6جولائی کو برازیل سے ہوگا۔
اگر آج کا میچ جاپان جیت جاتا تو اس کا پہلی مرتبہ کوارٹر فائنل کھیلنے کا خواب پورا ہو جاتا، لیکن بیلجیم کے کھلاڑیوں نے جاپان کو اس کا موقع ہی نہیں دیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان آج کا میچ خاصا دلچسپ رہا۔ دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے سے بازی لے جانے کی۔ اس کوشش میں ہی پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
دوسرا ہاف شروع ہوا تو جاپان نے کھیل کے 48ویں اور 52منٹ میں پے در پے دو گول کرڈالے ۔ یہ گول جینکی ہراگوچی اور تاکاشی اینوئی نے کئے۔
جاپان کی یہ برتری میچ کے 69 ویں منٹ تک برقرار رہی پھر بیلجیم کو پہلا گول کرنے کا موقع مل گیا ۔ تاہم ایک گول کی برتری اب بھی باقی تھی جسے 74ویں منٹ میں ہونے والے میچ کے چوتھے گول نے ختم کر دیا۔ یہ گول جین ورٹونگین اور مارواینس فیلینی نے کئے ۔
لیکن نیسر چیڈلی نے آخری لمحات میں میچ کا فیصلہ کن گول کر دیا جس کے سبب بیلجیم کو یہ میچ تین کے مقابلے میں دو گول سے جیتنے میں کامیابی ملی۔
ورلڈ کپ فٹ بال کی تاریخ پر نظر ڈالیں تو اب سے 48سال پہلے یہ موقع آیا تھا جب ناک آؤٹ مرحلے میں کوئی ٹیم دو گول کے خسارے میں جانے کے بعد بھی میچ جیتنے میں کامیاب رہی ہو۔ سن 1970ء جرمنی نے انگلینڈ کو شکست دے کر یہ ریکارڈ بنایا تھا۔