رسائی کے لنکس

پنالٹی شوٹ آؤٹ پر کروشیا کی فتح، ڈنمارک ایونٹ سے باہر


کروشیا کے کھلاڑی گول کرنے کے بعد خوشی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
کروشیا کے کھلاڑی گول کرنے کے بعد خوشی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

میچ کو فیصلہ کن بنانے کی غرض سے ٹیموں کو نصف گھنٹے کا اضافی وقت دیا گیا جس کا پہلا ہاف گزر جانے کے باوجود کوئی گول نہیں ہوا۔

فیفا ورلڈ کپ 2018ء کی ریس میں ڈنمارک کا سفر بھی اختتام کو پہنچا۔ پری کوارٹر فائنل میچ میں کروشیا نے پنالٹی شوٹ آؤٹ پر اسے تین، دو سے شکست دے دی اور خود کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا۔

اتوار کو کھیلے جانے والے میچ کے پہلے منٹ میں ڈنمارک نے اور تیسرے منٹ میں کروشیا نے گول کیا اور یوں دونوں ٹیموں کا اسکور برابر ہوگیا۔ کم ترین وقت میں گول کرنا ڈنمارک کے لیے ایک اعزاز ہے۔

ڈنمارک کی جانب سے اس کے ڈیفنڈر ماتھیاس جورگینسن نے میچ کا پہلے منٹ میں پہلا اور جواب میں کروشیا کے اسٹرائیکر ماریو مندوزوکچ نے دوسرا گول کیا۔

اس کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک دوسرے پر کئی حملے کیے لیکن میچ کے آخر تک کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔

لہذا میچ کو فیصلہ کن بنانے کی غرض سے ٹیموں کو نصف گھنٹے کا اضافی وقت دیا گیا جس کا پہلا ہاف گزر جانے کے باوجود کوئی گول نہیں ہوا۔

اسی دوران کروشیا کو پنالٹی کا شاندار موقع ملا لیکن مڈفیلڈر لوکا موڈرچ کو نے اس موقع کو ضائع کردیا۔

میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔ دونوں ٹیموں کی طرف سے ایک، ایک پنالٹی ضائع گئی لیکن ڈنمارک کے سائمن کجائر نے دوسری پنالٹی پر گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی۔

کروشیا کو ڈنمارک کی یہ برتری ایک آنکھ نہ بھائی اور اس کے کھلاڑی آندریج کراما ریچ نے بھی ایک گول کرکے اسکور ایک مرتبہ پھر برابر کردیا۔

ڈنمارک کے مائیکل کروہن نے ایک اور گول کیا تو اسکور 2-1 ہوگیا لیکن لوکا موڈریچ اس برتری کو بھلا کب برداشت کرنے والے تھے انہوں نے بھی گول کرکے اسکور پھر برابر کردیا۔

اگلی دو پنالٹی کا زیاں ڈنمارک کو بہت بھاری پڑ گیا۔ کیوں کہ آخری پنالٹی پر کروشیا کے ایوان ریٹکا ٹچ نے گول کرکے اسکور 3-2 کردیا اور اپنی ٹیم کو کوارٹر فائنل میں رسائی دلادی جبکہ ڈنمارک سرتوڑ کوششوں کے باوجود ایونٹ سے باہر ہوگیا۔

ناک آؤٹ مرحلے کے اب تک چار میچز ہوچکے ہیں جبکہ دو میچز پیر کو کھیلے جائیں گے جن میں برازیل کا مقابلہ میکسیکو اور بیلجیم کا مقابلہ جاپان سے ہوگا۔

تین جولائی کو سوئیڈن اور سوئٹزر لینڈ اور کولمبیا بمقابلہ انگلینڈ کے میچز کے ساتھ ہی پری کوارٹر فائنل یا ناک آؤٹ مرحلہ مکمل ہوجائے گا اور 4 اور 5 جولائی کے دو روز ریسٹ کے بعد 6 جولائی سے کوارٹر فائنلز میچز کھیلے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG