قطر میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ میں دو روز کے وقفے کے بعد جمعے سے کوارٹر فائنل مرحلے کا آغاز ہو رہا ہے جس میں دو میچز کھیلے جائیں گے۔
ٹورنامنٹ میں اب آٹھ ٹیمیں باقی ہیں جن میں سے کامیاب ہونے والی چار ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گیں اور بقیہ چار ٹیمیں وطن واپسی کا سفر کریں گی۔
جمعے کو پہلا کوارٹر فائنل پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپئن برازیل اور کروشیا کے درمیان کھیلا جائے گا اور یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے شروع ہو گا۔
دوسرا کوارٹر فائنل دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن ارجنٹائن اور نیدرلینڈز کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے شروع ہو گا۔
واضح رہے کہ نیدرلینڈز اور کروشیا کی ٹیموں نے کبھی ورلڈ کپ نہیں جیتا اور نسبتاً دونوں ہی ٹیمیں برازیل اور ارجنٹائن کے مقابلے میں کمزور ہیں۔ البتہ قطر میں جاری ایونٹ کے دوران کروشیا اور نیدرلینڈز نے زبردست پرفارمنس پیش کی تھی۔
برازیل اور کروشیا کے درمیان پہلے کوارٹر فائنل میچ میں سب کی نظریں برازیلین اسٹار نیمار پر لگی ہوں گی جو مایہ ناز فٹ بالر پیلے کا ریکارڈ توڑنے کے بالکل قریب ہیں۔
برازیل کی جانب سے نیمار اب تک کریئر میں 76 گول کر چکے ہیں، اگر انہوں نے کروشیا کے خلاف ایک گول کر دیا تو وہ پیلے کے 77 گول کا ریکارڈ برابر کر دیں گے۔