رسائی کے لنکس

فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی، عمر اکمل چیمپئنز ٹرافی سے باہر


عمر اکمل ابتدا میں چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے، کیونکہ مارچ میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ کیمپ کے دوران 31 کھلاڑیوں میں وہ واحد پلیئر تھے جو فٹنس ٹیسٹ میں فیل ہوئے تھے۔ تاہم، پاکستان کپ میں فٹنس ثابت کرنے پر انہیں ٹیم میں شامل کرلیا گیا تھا

نت نئے تنازعات کے حوالے سے خبروں میں رہنے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل فٹنس ٹیسٹ میں فیل ہوگئے ہیں جس کے بعد ان کی وطن واپسی لازمی ہوگئی۔

ٹیم مینجمنٹ نے فٹنس ٹیسٹ کلیئر نہ کرنے کے باعث انہیں لندن سے واپس بلا لیا گیا ہے، سلیکٹرز ان کے متبادل کے طور پر عمر امین اور حارث سہیل کے ناموں پر غور کر رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے ایک ویب سائٹ انٹرویو میں بتایا ’’ عمر اکمل انگلینڈ میں جاری فٹنس ٹیسٹ کے دوران دو مرتبہ ناکام ہوئے۔ ہماری پالیسی ہے کہ ان فٹ پلیئرز کو ساتھ نہیں رکھ سکتے اس لئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ انہیں واپس بلا کر متبادل کھلاڑی بھیجا جائے۔‘‘

پچھلے مہینے دورہ ویسٹ انڈیز سے ڈراپ کئے گئے عمر اکمل ابتداء میں چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے، کیونکہ مارچ میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ کیمپ کے دوران 31 کھلاڑیوں میں وہ واحد پلیئر تھے جو فٹنس ٹیسٹ میں فیل ہوئے تھے۔ تاہم، پاکستان کپ میں فٹنس ثابت کرنے پر انہیں ٹیم میں شامل کر لیا گیا تھا۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ہم نے فٹنس کا ایک معیار مقرر کیا ہے جو اتنا مشکل بھی نہیں۔ لیکن وہ اوسط سطح پر بھی پورا نہیں اترتا۔ لہٰذا، کھلاڑی چاہے کوئی بھی ہو اور اس کی کارکردگی جیسی بھی ہوہم اسے سلیکٹ نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ عمر اکمل اچھا کھلاڑی ہے، ہمیں اس کی ضرورت ہے۔ لیکن ہمیں فیصلہ لینا تھا۔

یکم اگست 2009ء میں سری لنکا کے خلاف دمبولا میں ون ڈے کیریئر کا آغاز کرنے والے عمر اکمل نے اب تک 116 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی 105 اننگز میں 34 اعشاریہ 59 کی اوسط سے 3044 رنز بنائے ہیں، جس میں دو سنچریاں اور 20نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ان کا زیادہ سے زیادہ اسکور 102رنز ناٹ آؤٹ ہے۔

XS
SM
MD
LG