رسائی کے لنکس

گنگولی بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر منتخب


گنگولی کے مقابلے میں کسی امیدوار کے کاغذات جمع نہیں کرائے جس کے بعد وہ بلامقابلہ صدر منتخب ہوگئے۔ (فائل فوٹو)
گنگولی کے مقابلے میں کسی امیدوار کے کاغذات جمع نہیں کرائے جس کے بعد وہ بلامقابلہ صدر منتخب ہوگئے۔ (فائل فوٹو)

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سوریو گنگولی بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گنگولی کو برجیش پٹیل سے سخت مقابلے کا سامنا تھا جنہیں معروف صنعت کار اور انٹر نیشل کرکٹ کونسل کے سابق چیئرمین اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سابق صدر این سری ناوسن کی بھرپور پور حمایت حاصل تھی۔

اتوار کے روز ڈرامائی تبدیلیوں کے دوران سابق بھارتی کپتان سوریو گنگولی متفقہ اُمیدوار کے طور پر ابھر کر سامنے آئے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے انتخابات کے سلسلے میں کاغذات نامزدگی پیر کے روز داخل کیے جانے تھے۔ تاہم گنگولی کے مقابلے میں کوئی امیدوار سامنے نہیں آیا اور اس طرح وہ بلامقابلہ صدر منتخب ہوگئے۔

گنگولی اس وقت بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر ہیں۔ گنگولی کے علاوہ بھارت کے وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیٹے جے شاہ سیکرٹری جب کہ ارون دھومل خزانچی منتخب ہوئے ہیں۔ ارون دھومل بی سی سی آئی کے سابق صدر انوراگ ٹھاکر کے چھوٹے بھائی ہیں۔

سینتالیس سالہ گنگولی کو بھارتی کرکٹ کی تاریخ کے بہترین کپتانوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

توقع ہے کہ گنگولی کے مخالف امیدوار برجیش پٹیل انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالیں گے۔

XS
SM
MD
LG