نیوزی لینڈ کے سابق فاسٹ بالر سائمن ڈول کا کہنا ہے کرکٹ میں سب چار بڑے بلے بازوں کی بات کرتے ہیں لیکن ان کے مطابق پاکستانی کپتان بابر اعظم اس وقت دنیائے کرکٹ کے سب سے بہترین بلے باز اور 'بگ ون' ہیں۔
نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان جاری تیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کمنٹری کرتے ہوئے سائمن ڈول کا کہنا تھا کہ جہاں تک ٹاپ آرڈر میں بیٹنگ کا تعلق ہے تو اس وقت بابر اعظم دنیا کے بہترین بیٹر ہیں۔
کرکٹ میں چار بڑوں کی اصطلاح عمومی طور پر وراٹ کوہلی، اسٹیو اسمتھ، جو روٹ اور کین ولیمسن کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ جنہیں کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں بہترین بلے باز مانا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ بابر اعظم کی حالیہ کئی سیریز اور ایوینٹس میں بہترین کارکردگی رہی ہے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف کچھ ہفتے قبل ہونے والی ایک روزہ میچوں کی سیریز میں وہ 181 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ جس میں ایک سینچری اور ایک نصف سینچری بھی شامل ہے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں 300 رنز کے تعاقب میں بابر اعظم نے 103 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
دوسری طرف بھارتی بلے باز وراٹ کوہلی نومبر 2019 کے بعد سے ہی سینچری بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ کوہلی نے اپنی آخری سینچری 14 اگست 2019 کو بنگلہ دیش کے خلاف کولکتہ میں بنائی تھی۔
واضح رہے کہ بابر اعظم رواں سال جولائی میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
سائمن ڈول کے بابر اعظم سے متعلق خیالات کا ویڈیو کلپ اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہے اور کرکٹ کے شائقین اسے پسند کر رہے ہیں۔
کرکٹ فین سعد نے بابر اعظم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابر اعظم لاہور میں بیٹھے اس وقت انجوائے کر رہے ہیں جب لیڈز سے لاہور اور لکھنؤ تک سب ان کے بارے میں باتیں کر رہے ہیں۔
فرحان ہاشمی کا ٹویٹ میں کہنا ہے کہ جب پاکستانی ٹیم نے آخری بار سری لنکا کا دورہ کیا تھا تو اس وقت بابر اعظم بینچ پر بیٹھے تھے۔
کرکٹ فین حمزہ نے آج کے دن کی مناسبت سے بابر اعظم کی نیوزی لینڈ کے خلاف 2019 کے ورلڈ کپ میں کی گئی سینچری کا ذکر کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
بابر اعظم 89 ایک روزہ میچز میں 59.22 کی شان دار اوسط سے اب تک 4442 رنز بنا چکے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی میں اسٹار پاکستانی بلے باز 74 میچز میں 45.52 کی اوسط سے 2686 رنز بنا چکے ہیں۔
بابر اعظم کا ٹیسٹ میچز میں ریکارڈ بھی شان دار ہے اور وہ 40 ٹیسٹ میچز کھیل کر اب تک 45.98 رنز کی اوسط سے 2851 رنز بنا چکے ہیں۔
اس وقت وہ آئی سی سی کی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر ون ہیں جب کہ ٹیسٹ رینکنگ میں وہ چوتھے نمبر پر ہیں۔